• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برسلز پر حملہ ہوا تو ماسکو نقشے سے مٹ جائیگا: بلجیم کے وزیر کی روس کو سخت وارننگ

Updated: October 28, 2025, 3:15 PM IST | Brussels

بلجیم کے وزیر دفاع تھیو فرانکن نے روس کو متنبہ کیا ہے کہ اگر برسلز پر کوئی میزائل حملہ کیا گیا تو نیٹو اس کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مغرب کے خلاف روسی اقدامات برداشت نہیں کئے جائیں گے۔

Belgian Defense Minister Theo Francken. Photo: X
بلجیم کے وزیر دفاع تھیو فرانکن۔ تصویر: ایکس

بلجیم کے وزیر دفاع تھیو فرانکن نے روس کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس نے برسلز پر میزائل داغا تو نیٹو کا ردعمل فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔ فرانکن نے پیر کو ’’روز ڈی مورگن ‘‘کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’’اگر (روسی صدر ولادیمیر) پوتن برسلز پرمیزائل داغتے ہیں تو ہم ماسکو کو نقشے سے مٹا دیں گے۔‘‘ انہوں نے نیٹو کے اجتماعی دفاعی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔ فرانکن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں نیٹو کے ساتھ امریکی وابستگی پر کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات کو رد کر دیا۔ ان کے مطابق ’’یورپ میں امریکی حکومت کے خلاف تعصب بہت زیادہ اور ناقابلِ یقین ہے۔ امریکہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اپنے نیٹو اتحادیوں کی سو فیصد حمایت جاری رکھے گا۔ برسلز پر کروز میزائل حملہ کسی بھی لحاظ سے عقلمندی نہیں ہوگی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکی صدر ٹرمپ جاپان پہنچے،اگلا پڑاؤ جنوبی کوریا ہوگا

تاہم، فرانکن نے روس کی فوجی صلاحیتوں کو کم سمجھنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ روس نے اپنی جنگی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’روس اب نیٹو کی مجموعی پیداوار کے مقابلے میں چار گنا زیادہ گولہ بارود تیار کر رہا ہے جبکہ یورپ کے پاس تاحال کوئی مرکزی کمان نہیں ہے۔‘‘ یوکرین جنگ کے حوالے سے فرانکن نے کہا کہ ’’روس کو وہاں مشکلات کا سامنا ہے۔ روس دراصل پورے مغرب کے خلاف لڑ رہا ہے۔ یوکرینی فوج ہماری فراہم کردہ اسلحہ، گولہ بارود اور مالی مدد سے لڑ رہی ہے، ورنہ وہ کب کے پسپا ہو چکے ہوتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کو مستقبل میں روس اور چین کے مشترکہ چیلنج کیلئے بھی تیار رہنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہونے والا ملبہ تشویش کا باعث

فرانکن نے کہا کہ ’’چین یوکرین میں جنگ کو جاری رکھنا چاہتا ہے کیونکہ اس سے مغرب کمزور ہوتا ہے۔ وہ روسی خام مال خرید رہا ہے، ہتھیار فراہم کر رہا ہے اور شمالی کوریا کے فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی پر پیوٹن کی حمایت کر رہا ہے۔‘‘ آخر میں انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ روس بالٹک ریاستوں پر حملہ نہیں کرے گا کیونکہ وہ نیٹو کے رکن ہیں۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’’جلد ہی یورپ کے پاس چھ سو ایف ۳۵؍ طیارے ہوں گے۔ روسی ان سے خوفزدہ ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK