Updated: June 13, 2026, 3:01 PM IST
| Brussels
بلجیم میں آبادیاتی تنوع میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں اب ایک تہائی سے زیادہ باشندوں کا پس منظر غیر بلجیئن ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران غیر ملکی پس منظر رکھنے والے افراد کی تعداد اور تناسب میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
بلجیم کی آبادی تقریباً ایک کروڑ۱۸؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار ہے۔ آتصویر: آئی این این۔
بلجیم کے قومی ادارۂ شماریات ’Statbel‘ کی جانب سے جمعرات کو جاری کئے گئے نئے اعداد و شمار کے مطابق، اب ملک کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غیر بلجیئن پس منظر رکھتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، بلجیم کی تقریباًایک کروڑ۱۸؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار آبادی میں سے۴۳؍ لاکھ۴۰؍ ہزار افراد ایسے ہیں جن کا پس منظر بلجیئن نہیں ہے۔ ان میں ۲۷؍ لاکھ۱۰؍ ہزار افراد (آبادی کا۲۲ء۸؍فیصد) ایسے ہیں جن کا پس منظر غیر ملکی ہے لیکن وہ بلجیئن شہریت رکھتے ہیں، جبکہ۱۶؍ لاکھ۴۰؍ ہزار افراد (۱۳ء۸؍ فیصد) غیر بلجیئن شہری ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ، آسٹریلیا اور کنیڈا کا دو ریاستی حل کیلئے مشترکہ فنڈ قائم کرنے کا اعلان
اسٹیٹ بیل نے کہا کہ تعلیمی اور پالیسی ساز حلقوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث یہ اعداد و شمار دوسری مرتبہ جاری کئے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی پس منظر رکھنے والوں میں سے نصف سے کچھ زیادہ افراد ایسے ہیں جو پیدائشی طور پر بلجیئن نہیں تھے لیکن بعد میں انہوں نے بلجیئن شہریت حاصل کر لی۔ باقی افراد بلجیم میں پیدا ہوئے، جن میں ۲۱؍ فیصد کے دونوں والدین کی پہلی رجسٹرڈ شہریت غیر ملکی تھی، جبکہ۲۸؍ فیصد کے ایک والد یا والدہ کی پہلی رجسٹرڈ شہریت غیر ملکی تھی۔ اعداد و شمار سے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران تنوع میں مسلسل اضافے کی بھی نشاندہی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اٹلی: جارجیا میلونی نے اسرائیلی آبادکاروں اوربین گویر پر پابندیوں کی حمایت کی
۲۰۰۵ء میں بلجیم کی۷۹؍ فیصد آبادی کا پس منظر بلجیئن تھا، جو۲۰۱۵ء میں کم ہو کر۷۱؍ فیصد اور۲۰۲۶ء میں ۶۳؍ فیصد رہ گیا۔ اسی عرصے میں غیر ملکی پس منظر رکھنے والے افراد کا تناسب۲۰۰۵ء میں ۱۲ء۴؍ فیصد سے بڑھ کر ۲۰۲۶ءمیں ۲۳؍ فیصد تک پہنچ گیا۔ غیر بلجیم پس منظر رکھنے والے افراد میں سے۵۵؍ فیصد کی جڑیں یورپی یونین سے باہر کے ممالک میں ہیں۔ مزید۲۷؍ فیصد افراد ایسے یورپی یونین ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جو بلجیم کے ہمسایہ ممالک نہیں ہیں، جبکہ۱۸؍ فیصد افراد کا تعلق بلجیم کے پڑوسی ممالک سے ہے۔