• Thu, 30 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بین اینڈ جیری: شریک بانی بین کوہن کا فلسطین کیلئے تربوز فلیور والی آئس کریم کا اعلان

Updated: October 30, 2025, 6:57 PM IST | New York

مشہور امریکی آئسکریم برانڈ ’’بین اینڈ جیری‘‘ کے شریک بانی بین کوہن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے نئے برانڈ کے تحت فلسطین کیلئے وقف تربوز کے ذائقے والی آئس کریم لانچ کریں گے۔ خیال رہے کہ برانڈ کی مالک کمپنی یونی لیورنے ان کے اس منصوبے کو مسترد کر دیا تھا۔

Ben Cohen (inset: Palestinian ice cream cup). Photo: INN/X
بین کوہن (انسیٹ: فلسطینی آئسکریم کپ)۔ تصویر: آئی این این/ایکس

دنیا کے مشہور آئس کریم برانڈ ’’بین اینڈ جیری‘‘ کے شریک بانی بین کوہن نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ اپنے آزادانہ برانڈ Ben’s Best (بینز بیسٹ) کے تحت فلسطینی تھیم پر مبنی آئس کریم کا نیا ذائقہ (فلیور) متعارف کرائیں گے۔ یہ آئس کریم تربوز فلیور والی ہوگی۔ واضح رہے کہ تربوز فلسطینی کاز کی علامت ہے اور ملک کی شناخت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بین کوہن اس فلیور کو ’’فلسطین میں مستقل امن‘‘ کے فروغ کیلئے وقف کرنا چاہتے ہیں۔ کوہن نے کہا کہ وہ اس فلیور کو عوامی شمولیت کے ساتھ تیار کریں گے، یعنی نام، اجزاء اور ڈیزائن کیلئے کراؤڈ سورسنگ کے ذریعے لوگوں سے تجاویز لی جائیں گی۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کئے گئے ایک ویڈیو میں تربوز کا رس نکالتے ہوئے کہا کہ ’’میں وہ کر رہا ہوں جو وہ نہیں کر سکے، تربوز کے ذائقے والی آئس کریم بنا رہا ہوں جو فلسطین میں پائیدار امن کا مطالبہ کرتی ہے اور وہاں ہونے والے تمام نقصانات کے ازالے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:کنیڈا میں مشہورہندنژاد تاجر درشن سنگھ ساہسی کا قتل

واضح رہے کہ بین کوہن کا یہ اقدام دوسرے شریک بانی جیری گرین فیلڈ کے استعفے کے تقریباً ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ گرین فیلڈ نے کہا تھا کہ کمپنی (بین اینڈ جیری، جو اَب یونی لیور کی ملکیت ہے) کا آزادانہ اور سماجی طور پر باشعور مشن، جو کبھی اس کی شناخت کی بنیاد تھا، اب ’’ختم‘‘ ہو چکا ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو ’’نسل کشی‘‘ قرار دینے پر کمپنی کے مؤقف کے خلاف یونی لیور کی پابندیوں کو اس تبدیلی کی بڑی وجہ بتایا۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Yeni Şafak English (@yenisafakenglish)

یہ بھی پڑھئے:لوور میوزیم میں چوری، پیرس: مزید ۵؍ مشتبہ افراد گرفتار، مسروقہ اشیاء اب تک لاپتہ

بین اینڈ جیری اور یونی لیور تنازع
یونی لیور اور بین اینڈ جیری کے درمیان ۲۰۲۱ء سے تنازع جاری ہے۔ یہ اس وقت شروع ہوا جب کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں اپنی آئس کریم کی فروخت بند کر دے گی۔ اس کے بعد بین اینڈ جیری نے اپنی بنیادی کمپنی پر مقدمہ دائر کیا، یہ الزام لگاتے ہوئے کہ اسے غزہ جنگ کے بارے میں مؤقف اختیار کرنے سے ’’خاموش‘‘ کرانے کی کوشش کی گئی۔ برانڈ نے غزہ جنگ کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اپنی اخلاقی پوزیشن سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جو ایک بڑی امریکی کمپنی کیلئے شرمناک ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK