• Thu, 30 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوور میوزیم میں چوری، پیرس: مزید ۵؍ مشتبہ افراد گرفتار، مسروقہ اشیاء اب تک لاپتہ

Updated: October 30, 2025, 5:02 PM IST | Paris

فرانسیسی حکام نے لوور میوزیم سے ۸۸؍ ملین یورو مالیت کے تاریخی زیورات کی چوری کے سلسلے میں مزید پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق، تفتیش جاری ہے تاہم قیمتی زیورات اب تک برآمد نہیں ہو سکے۔

Louvre Museum. Picture: INN
لوور میوزیم۔ تصویر: آئی این این

عدالتی ذرائع نے جمعرات کو فرانسیسی نشریاتی ادارے آر ٹی ایل کو بتایا کہ پیرس کے لوور میوزیم میں ہونے والی حالیہ چوری کے سلسلے میں مزید پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بدھ کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً ۹؍ بجے کے قریب پیرس کے مختلف علاقوں سے ان مشتبہ افراد کو بیک وقت حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، مشتبہ افراد میں سے ایک شخص کا تعلق نام نہاد ’’لوور کمانڈو‘‘ سے بتایا جاتا ہے، جو چوری کے دوران موقع پر موجود تھا۔ پیرس کی پراسیکیوٹر لاور بیکو نے کہا کہ سنیچر کو گرفتار کئے گئے دو مشتبہ افراد نے ’’جزوی طور پر جرم کا اعتراف کیا ہے۔‘‘ انہوں نے آر ٹی ایل ریڈیو سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ’’انہوں نے بالآخر اعتراف کر لیا ہے،‘‘ اور مزید کہا کہ ’’تفتیش ان تمام افراد کی شناخت کیلئے جاری ہے جو اس جرم میں شامل ہو سکتے ہیں۔‘‘
پراسیکیوٹر کے مطابق، تازہ گرفتاریوں کے باوجود مسروقہ زیورات اب تک برآمد نہیں ہو سکے۔ واضح رہے کہ یہ گرفتاریاں ان دو دیگر افراد کی گرفتاری کے بعد عمل میں آئیں جنہیں بدھ کے روز مقدمے کی سماعت سے قبل حراست میں لیا گیا تھا۔ پیرس کی عدالتی پولیس اس کیس کی تفتیش کی نگرانی کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی سرحدوں پر غیر دستاویزی ہندوستانی تارکین وطن کی گرفتاری کم ترین سطح پر

چوری کی تفصیل
چوروں نے پیرس کے پوور میوزیم سے ۸؍ قیمتی اشیاء چرا ئی ہیں جن کی مجموعی مالیت ۸۸؍ ملین یورو (۳ء۱۰۲؍ ملین ڈالر) ہے ۔ چوری شدہ اشیاء میں ملکہ میری لوئیس کا ایک ہار اور ایک جوڑی بالیاں، میری امیلی اور ہورٹینس کا ہار، بالیاں، ایک تاج ، اور ایمپریس یوجینی کے مجموعے سے دو بروچز، ایک ’’بوڈیس بو‘‘ اور ایک تاج شامل ہیں۔ تفتیش کاروں کو بعد میں ایمپریس یوجینی کا تاج میوزیم کے قریب سے ملا، جسے چور وہاں چھوڑ گئے تھے۔ لوور کے ایک سیکوریٹی گارڈ نے اسے ’’ان کے منصوبے کی ناکامی کا ثبوت‘‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے:دہلی آلودگی: صحت کا بحران شدت اختیار کر گیا، ہر ۴؍ میں سے ۳؍ گھرانے بیمار

عدالتی کارروائی
پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ زیورات ابھی تک لاپتہ ہیں، تاہم تفتیش کاروں نے اس کیس میں ’’اہم پیش رفت‘‘ حاصل کی ہے۔ بیکو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگر سنیچر کو گرفتار کئے گئے دونوں مشتبہ افراد پر جرم ثابت ہو گیا تو انہیں ۱۵؍ سال تک قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تحقیقات کے مطابق، یہ دونوں افراد اپولو گیلری میں گھسنے اور فرانسیسی تاج کے زیورات چرانے کیلئے لیے پاور ٹولز کا استعمال کر رہے تھے۔ مشتبہ افراد کی عمریں تیس کی دہائی میں بتائی گئی ہیں اور دونوں کے مجرمانہ ریکارڈ موجود ہیں۔ ان کی شناخت جائے وقوعہ سے حاصل ڈی این اے شواہد کے ذریعے ہوئی۔ بیکو نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے چار افراد کے علاوہ اس گروہ میں مزید لوگ بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے یہ ظاہر ہو کہ چوری کسی اندرونی شخص کی مدد سے ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK