اسپتال سے چھٹی ملنے پر شیواجی پارک پولیس نے نوٹس دے کر تفتیش میں تعاون کرنے کیلئے کہا ہے۔
EPAPER
Updated: June 14, 2026, 10:38 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
اسپتال سے چھٹی ملنے پر شیواجی پارک پولیس نے نوٹس دے کر تفتیش میں تعاون کرنے کیلئے کہا ہے۔
دادر میں حادثہ کا سبب بننے والی بیسٹ بس کے ڈرائیور کو سائن اسپتال سے چھٹی ملنے پر پولیس نے اسے نوٹس دے کر ذاتی طور پر پولیس اسٹیشن میں حاضر ہوکر تفتیش میں تعاون کرنے کیلئے کہا ہے۔
یاد رہے کہ ۸؍ جون، پیر کو دادر میں پلازہ سنیما ہال کے قریب ایک بیسٹ بس کی ٹکر سے ۲۸؍ سالہ نیاز احمد کا انتقال ہوگیا تھا اور دیگر ۶؍ افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں خود بس کا ڈرائیوروکاس پڈارے (۴۲) بھی شامل تھا۔ وکاس کے پیر میں فریکچر آنے کے ساتھ اس کے گھٹنے کی کٹوری اپنی جگہ سے ہٹ گئی تھی۔ حادثہ کے تمام زخمیوں کا علاج سائن اسپتال میں جاری تھا اور جب وکاس کو اسپتال سے چھٹی ملی تو پولیس نے اسے ’بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (بی این ایس ایس) کے تحت نوٹس جاری کرکے ہدایت دی کہ پوچھ تاچھ کیلئے وہ پولیس اسٹیشن میں ذاتی طور پر حاضر ہو۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: کاغذ کے گودام میں خوفناک آتشزدگی، ۹؍ گودام خاکستر
اس حادثہ کے بعد دادر میں واقع شیواجی پارک پولیس نے بس ڈرائیور کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔
اسپتال میں لئے گئے بیان میں وکاس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہینڈ بریک ہٹانے کے بعد اچانک بس کی رفتار تیز ہوگئی اور اس کی تمام کوششوں کے بعد بھی بس قابو میں نہیں رہ سکی اور یہ حادثہ پیش آگیا۔ جس الیکٹرک بس سے حادثہ پیش آیا تھا وہ فی الوقت ممبئی سینٹرل میں واقع تاڑدیو آر ٹی او آفس میں پارک رکھی گئی ہے اور اس کی تفصیلی جانچ ہونا باقی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اندھیری :لاء سی ای ٹی میں محمد رضوان خان کی ۱۰۰؍ پرسنٹائل سے شاندار کامیابی
آر ٹی او کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بس کا الیکٹرانک سسٹم حادثہ کی وجہ سے خراب ہوگیا ہے اور بادی النظر میں یہ حادثہ ڈرائیور کی غلطی سے ہوا تھا۔ شروعات کی جانچ میں کوئی تکنیکی گڑبڑ نظر نہیں آئی ہے۔ تفتیشی ٹیم بس میں نصب شدہ ’انٹلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم‘ (آئی ٹی ایم ایس) کی حتمی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔ اس کی حتمی رپورٹ سے حادثہ کے تعلق سے مزید تفصیل معلوم ہونے کا امکان ہے۔