Inquilab Logo

سرکاری اسکیموں کےنام سے مودی حکومت کی تشہیر مہنگی پڑی

Updated: December 27, 2023, 12:36 PM IST | Ali Imran | Akola

’بھارت سنکلپ یاترا‘ کے رتھ پر ’ مودی حکومت ‘ لکھا ہونے سے ناراض گائوں والوں نے اسے واپس بھیج دیا۔

The villagers forced the vehicle out of the gram panchayat limits. Photo: INN
گائوں والوں نے گاڑی کو گرام پنچایت کی حدود سے باہر نکلنے پر مجبور کر دیا۔ تصویر : آئی این این

یہاں اکولہ ضلع میں مودی حکومت کو سرکاری اسکیموں کے ذریعے اپنی تشہیر بھاری پڑ گئی۔ مرکزی حکومت کے منصوبوں کی معلومات دینے کیلئے نکالی گئی’ بھارت سنکلپ یاترا‘ کے رتھ پر `بھارت سرکار (حکومت ہند)کے بجائے’ مودی سرکار ‘لکھا ہوا ہے ، یہ دیکھ کر ضلع کے ریدھورا گاؤں کے باشندے مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے اس رتھ کو گاؤں میں داخل ہونے سے روک دیا۔ گاؤں والوں نے رتھ کو روک کر ساتھ آئے اہلکاروں سے جواب طلب کیا۔ انہوں نے اپنے گرام پنچایت کی حدود میں اس منصوبے کی تشہیر پر بھی اعتراض کیا۔ اس وقت گاؤں والوں کے سوالات سے اہلکاروں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت کے منصوبوں کی معلومات عوام تک پہنچانے کیلئے ضلع کے مختلف گاؤں میں ’بھارت سنکلپ یاترا‘ چلائی جارہی ہے ۔ اس میں ایک گاڑی کے ذریعے (جسے رتھ کا نام دیاگیا ہے) جگہ جگہ جا کر حکومت کی اسکیموں سے لوگوں کو واقف کروانےکی کوشش کی جاتی ہے۔ اسی کے تحت پیر کو کچھ اہلکار بھارت سنکلپ یاترا کے رتھ کے ساتھ شہر سے قریب واقع ریدھورا گاؤں پہنچے۔ اس رتھ پر ’مودی سرکار‘ لکھا دیکھ کر گاؤں والوں نے افسر اور رتھ کو گاؤں کے مرکزی دروازے پر ہی روک دیا۔ گاؤں والوں کا سوال تھا کہ رتھ پر ’بھارت سرکار‘ کی جگہ ’مودی سرکار‘ کیوں لکھا ہے؟ یہ( اسکیمیں ) بھارت سرکار کی طرف سے ہیں یا مودی سرکار کی طرف سے ؟ اس سوال کا ان افسران و اہلکار کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ انہوں کہا کہ وہ اپنے اعلیٰ افسران سے ملی ہدایات کے مطابق کام کر رہے ہیں ۔ تاہم گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ رتھ پر لکھے لفظ ’مودی سرکار‘ سے صرف ایک شخص اور ایک خاص پارٹی کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ جبکہ یہ مرکزی حکومت کی طرف سے ہے۔ اس پر ’بھارت سرکار‘ لکھا ہونا چاہئے ۔ گاؤں والے اپنے موقف پر قائم رہے اور اس رتھ کو گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ ساتھ ہی اسے فوری طور پر گرام پنچایت کی حدود سے باہر لے جانے کیلئے کہا گیا۔ اس معاملے کی خبر جب تحصیلدار تک پہنچی تو اس نے بھی آکر گاؤں والوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ تاہم گاؤں والے اپنے مطالبے پر ڈٹے رہے اور افسران کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ یاد رہے کہ مودی حکومت پر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ وہ سرکاری اسکیموں کی تشہیر ایسے کرتی ہے جیسے یہ نریندر مودی یا بی جے پی کی جیب خاص سے چلائی جا رہی ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK