• Fri, 02 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھائندر: بلنک اِٹ کی ڈیلیوری پر سنگین سوالات، صارف کو۱۰؍ دن پرانا ایکسپائرڈ مکھن بھیجا گیا

Updated: October 02, 2026, 12:00 PM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Bhayandar

آن لائن ڈیلیوری سروس فراہم کرنے والی معروف کمپنی ’بلنک اِٹ‘  ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ بھائندر کے مقامی رہائشی سدھیش دیوانت گائیکواڑ نے کمپنی پر شدید لاپروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آن لائن آرڈر کرنے پر انہیں ۱۰ ؍دن پرانا اور ایکسپائرڈ ’امول مکھن‘ ڈیلیور کیا گیا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

آن لائن ڈیلیوری سروس فراہم کرنے والی معروف کمپنی ’بلنک اِٹ‘  ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ بھائندر کے مقامی رہائشی سدھیش دیوانت گائیکواڑ نے کمپنی پر شدید لاپروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آن لائن آرڈر کرنے پر انہیں ۱۰ ؍دن پرانا اور ایکسپائرڈ ’امول مکھن‘ ڈیلیور کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سدھیش گائیکواڑ نے بلنک اِٹ ایپ کے ذریعے ۴؍ اشیاء آن لائن آرڈر کی تھیں۔ سامان موصول ہونے پر جب انہوں نے امول مکھن کے پیکٹ کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ اس کی میعاد کو ختم ہوئے ۱۰ ؍دن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ سدھیش گائیکواڑ کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک دن یا دو دن کی غلطی نہیں ہے بلکہ ۱۰ ؍دن پرانی ایکسپائری کا سامان بھیجا گیا ہے۔ میرے گھر میں چھوٹا بچہ ہے، اگر وہ اسے استعمال کر لیتا تو اس کی صحت کو شدید نقصان پہنچ سکتا تھا اور کسی بڑے حادثے کا خدشہ تھا۔

یہ بھی پڑھئے:طالبات اور خواتین کیخلاف جنسی ہراسانی کے بڑھتے معاملات پرمختلف علاقوں میں طلبہ کا علامتی احتجاج

جب سدھیش گائیکواڑ نے بھائندر میں واقع بلنک اِٹ کے ڈارک اسٹور ڈیلیوری سینٹر پہنچ کر اس کی شکایت کی تو عملے نے غیر ذمہ دارانہ جواب دیتے ہوئے اسے ’پرنٹنگ کی غلطی‘ قرار دینے کی کوشش کی۔ اس پر  انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اسٹور کا عملہ کوئی مینوفیکچرر یا پرنٹر نہیں ہے تو وہ اسے پرنٹنگ کی غلطی کیسے کہہ سکتے ہیں؟ان کا مزید کہنا ہے کہ اسٹور پر کوئی کوالیٹی منیجر یا ذمہ دار اہلکار موجود نہیں تھا اور وہاں موجود ملازمین نے بتایا کہ ڈیلیوری کی گاڑیاں آتی ہیں اور وہ صرف مال اندر رکھ لیتے ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیلیوری سے قبل کوالیٹی کی کوئی جانچ نہیں کی جاتی۔سدھیش گائیکواڑ کے پاس آن لائن آرڈر کا بل ( انوائس) اور ایکسپائرڈ مکھن کا پیکٹ موجود ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی باقاعدہ شکایت فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے ) میں درج کروائیں گے تاکہ صارفین کی صحت سے کھیلنے والی کمپنیوں اور ان کے کوالیٹی کنٹرول کے نظام پر سخت کارروائی کی جا سکے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK