میونسپل کارپوریشن نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تجارتی اور صنعتی اداروں کے خلاف کارروائی سخت کر دی ہے۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 1:47 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کارپوریشن نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تجارتی اور صنعتی اداروں کے خلاف کارروائی سخت کر دی ہے۔
میونسپل کارپوریشن نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تجارتی اور صنعتی اداروں کے خلاف کارروائی سخت کر دی ہے۔ میونسپل کمشنر کی ہدایت پر محکمہ فائر بریگیڈ و ایمرجنسی سروسز کی جانب سے شہر بھر میں جاری فائر سیفٹی آڈٹ کے دوران جن اداروں میں آگ سے تحفظ کے لازمی انتظامات نہیں پائے گئے اور جنہوں نے فائر این او سی حاصل نہیں کی، ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق مہاراشٹر فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی میزرس ایکٹ ۲۰۰۶ء (ترمیم ۲۰۲۳ء) اور قواعد ۲۰۲۵ء کے تحت متعلقہ اداروں کو پہلے نوٹس جاری کرکے فائر سیفٹی نظام نصب کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، لیکن مقررہ مدت کے باوجود ضابطوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے اب بجلی کی سپلائی منقطع کرنے اور اداروں کو سیٖل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جوگیشوری ٹرمنس آئندہ سال شروع ہونے کی امید
اسی سلسلے میں کلیان روڈ کے نارائن بھوئر کمپاؤنڈ میں محکمہ فائر بریگیڈ، کمبھارواڑا پولیس اور ٹورینٹ پاور کے افسران نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے میسرز ایکسل الیکٹروکیم ٹیکنالوجی (یونٹ نمبر ۲) اور میسرز کریسنٹ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی بجلی منقطع کر دی، جس کے بعد دونوں صنعتی اداروں کو سیٖل کر دیا گیا۔
میونسپل انتظامیہ نے شہر کے تمام تجارتی، صنعتی اور کاروباری اداروں کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ فائر سیفٹی کے تمام لازمی انتظامات مکمل کریں، فائر این او سی، کاروباری لائسنس اور دیگر ضروری منظوری حاصل کرنے کے ساتھ جائیداد ٹیکس اور دیگر واجبات بھی بروقت ادا کریں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف آئندہ بھی اسی طرح سخت کارروائی جاری رہے گی۔