Inquilab Logo Happiest Places to Work

راستہ نہ ہونے کی وجہ سے حاملہ کو کپڑے کی جھولی میں اسپتال لے جایا گیا

Updated: July 18, 2026, 1:42 PM IST | Wasim Ahmad Patel | Panvel

یہاں سے قریب ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس سے لوگوں میں غصہ پایا جارہا ہے ۔

A pregnant woman is being carried in a cradle through a mountainous area to the hospital. Photo: INN
حاملہ کوجھولی میں ڈال کرپہاڑی راستہ سے اسپتال لے جایا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں  سے قریب ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس  سے لوگوں میں غصہ پایا جارہا ہے ۔ رسائنی  علاقے کے امبر نے  واڑی گاؤں میں جہاں زیادہ تر آدی واسی   رہتے ہیں، وہاں سے ایک کلومیٹر تک رسائنی کے اسپتال جانے کیلئے کوئی راستہ نہیں ہے جس کی   وجہ سے ایک حاملہ عورت کو کپڑے کی جھولی میں  ڈال کر اسپتال لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: جوگیشوری ٹرمنس آئندہ سال شروع ہونے کی امید

مکیش نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ایک طرف حکومت آدیواسيوں کی ترقی کی بات کرتی ہے تو دوسری طرف ان کے گاؤں میں سہولیات کا فقدان ہے۔ یہاں پر کوئی بھی پکا راستہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں پر ایک خاتون کو زچگی کیلئے ایک کلومیٹر تک پہاڑی راستے سے کپڑے کی جھولی میں  اسپتال   لے جایا گیا  جس سے لوگوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اس خاتون کی حالت تشویشناک تھی۔ زچگی کا وقت قریب تھا، ایسے میں اسے فوری طور پر اسپتال لے جانا ضروری تھا لیکن یہاں پر کوئی پکا راستہ نہ ہونے کی وجہ سے   لوگوں نے کپڑے کی جھولی بنائی اور  اس سے  اسے اسپتال لے   گئے۔  پہاڑی راستہ کافی خطرناک تھا اور کچھ بھی ہو سکتا تھا لیکن انہوں نے خطرہ مول لیا۔  اس خاتون نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا لیکن ڈاکٹروں کے مطابق اگر تھوڑی دیر بھی ہو جاتی  تو ماں اور بچے کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا ۔ آکاش نامی ایک شخص کے مطابق الیکشن کے وقت سیاسی لیڈر یہاں کے لوگوں کو بڑے بڑے خواب دکھاتے ہیں لیکن جیسے ہی الیکشن ختم ہو تا ہے، وہ یہاں پر آتے ہی نہیں ہیں۔ یہاں کے لوگوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اگر یہاں پر پکا راستہ نہیں بنایا گیا اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کی گئیں تو الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK