سماجی کارکن نے ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے سے براہ راست شکایت کی، سخت کارروائی کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 1:32 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
سماجی کارکن نے ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے سے براہ راست شکایت کی، سخت کارروائی کا مطالبہ۔
ہوش ربا مہنگائی میں جہاں عام شہری ایک ایک پیسہ سوچ سمجھ کر خرچ کرنے پر مجبور ہیں وہیں شہر کے ہوٹلوں میں صارفین کی کھلے عام معاشی لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری ہے۔کلیان (مغرب) کے برلا کالج روڈ پر واقع ایک کمرشل کمپلیکس کے ہوٹل میں پینے کے پانی کی بوتل مقررہ قیمت (ایم آر پی) کے بجائے دُگنی قیمت پر فروخت کئے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے قوانین کی خلاف ورزی اور ہوٹل انتظامیہ کی من مانی ظاہر ہوئی ہے۔ اس معاملے کو سماجی کارکن بابا رام ٹیکے نے ریاستی ایف ڈی اے کے کمشنر تکارام منڈے کے سامنے اٹھاتے ہوئے نہ صرف سخت کارروائی بلکہ متعلقہ ہوٹل کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: حج ۲۰۲۷ء کیلئے ریاستی سطح پر اب تک ۱۹؍ ہزار درخواستیں موصول
عیاں رہے کہ کمشنر تکارام منڈے کے ماتحت عملے نے گزشتہ ۲؍ ماہ سے ملاوٹ کرنے والے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت مہم شروع کر رکھی ہے۔اس مہم کے دوران ریاست کے کئی حصوں سے کروڑوں روپے مالیت کا ملاوٹ شدہ ڈیری مصنوعات کا اسٹاک بھی ضبط کیا گیا ہے۔ اس دوران کلیان میں ایک ہوٹل مالک کی من مانی سامنے آئی ہے۔
شکایت کنندہ سماجی کارکن بابا رام ٹیکے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جمعرات کی شام برلا کالج روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں دہی وڑا کھانے گئے تھے۔ انہوں نے کھانے کے ساتھ پانی کی ایک پیک بند بوتل بھی منگوائی۔ کھانا ختم ہونے پر جب بل لایا گیا تو بوتل کی اصل قیمت ۲۰ ؍روپے ہونے کے باوجود کیشیئر نے ان سے ۴۰ ؍روپے وصول کر لئے۔ جب رام ٹیکے نے ہوٹل کی خاتون منیجر سے اس اوور چارجنگ پر سوال کیا تو خاتون نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہوٹل کا ریٹ یہی ہے۔
سماجی کارکن نے جب انہیں ایف ڈی اے میں شکایت درج کرانے کا انتباہ دیا تو خاتون منیجر نے کہا کہ آپ ہماری کہیں بھی شکایت کر دیں ہمارے ریٹ فکس ہیں۔ہوٹل انتظامیہ کے اس مغرور رویے کے بعد بابا رام ٹیکے نے ایف ڈی اے کے کمشنر تکارام منڈے سے براہ راست شکایت کی۔جس کے جواب میں انہیں مناسب کارروائی کا میسج بھی موصول ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے: آلودہ پانی کی سپلائی کے خلاف مورچہ
دوسری جانب ڈومبیولی کی سابق کارپوریٹر منیشا شیلیش دھاترک نے بھی کمشنر تکارام منڈے سے رابطہ کرکے شکایت کی ہے کہ ڈومبیولی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں قائم ہوٹلوں، ڈھابوں اور پانی پوری، بھیل پوری و وڑا پاؤ کے ٹھیلوں پر اچانک چھاپے مارے جائیں۔ انہوں نے مختلف مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات، کچن کی گندگی اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔