Inquilab Logo Happiest Places to Work

جوگیشوری ٹرمنس آئندہ سال شروع ہونے کی امید

Updated: July 18, 2026, 12:51 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Jogeshwari

ویسٹرن ریلوے کی جانب سے جنوری میں پہلی ٹرین چلانے کا دعویٰ کیا گیا۔ ہزاروں مسافروں کو راحت ملے گی۔۳۵؍ کروڑ روپے کے بجٹ والے اس ٹرمنس کا خرچ بڑھ کر ۷۰؍کروڑ روپےتک پہنچ چکا ہے۔

60 percent of the work of Jogeshwari Terminus has been completed. (File photo)
جوگیشوری ٹرمنس کا ۶۰؍فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ (فائل فوٹو)

ویسٹرن ریلوے کی جانب سے جوگیشوری ٹرمنس جنوری ۲۰۲۷ء سے شروع کرنے کا دعویٰ کیا جارہا  ہے۔ یہاں تک کہا گیا ہے کہ  آئندہ سال جنوری  میں پہلی ٹرین روانہ کردی جائے گی مگر کیا واقعی یہ ممکن ہے کیونکہ ابھی کافی کام باقی ہے۔ حالانکہ یہ درست ہے کہ کام تیزی سے جاری ہے مگر بارش کے ایام کے سبب سوال بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ اس تعلق سے گزشتہ روز رکن پارلیمان کے ہمراہ ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر کی میٹنگ بھی ہوئی۔ یاد رہے کہ اس ٹرمنس کو بنانے کیلئے ۲۳-۲۰۲۲ء کے بجٹ میں منظوری دی گئی تھی۔

اس پروجیکٹ کو اب تک پورا ہوجانا چاہئے تھا مگر کافی تاخیر ہونے کے سبب  ۳۵؍کروڑ روپے کے تخمینہ سے بنایا جانے والا ٹرمنس کا بجٹ ۷۰؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ جب اسے باضابطہ شروع کیا جائے گا تب مزید خرچ بڑھے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: فرنٹ لائن اسٹاف کو ذہنی تناؤ سے بچانے کیلئے خصوصی سیشن

مسافروں کو کافی سہولت ملے گی

اس ٹرمنس کے شروع ہونے سے ہزاروں مسافرو ں کو راحت ملے گی اور ممبئی سینٹرل، دادر اور باندرہ ٹرمنس وغیرہ کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ مغربی مضافات  کے مسافروں کو سی ایس ایم ٹی، دادر اور باندرہ جانے کے بجائے وہ یہیں سے ملک کے طول وعرض اور اپنے آبائی وطن جاسکیں گے۔

 ۲۵؍برس بعد یہ پہلا ٹرمنس ہوگا

ممبئی سینٹرل کے بعد۲۵؍ سال قبل باندرہ ٹرمنس بنایا گیا تھا۔ اس مدت کے بعد جوگیشوری یہ دوسرا ٹرمنس ہوگا۔ یہاں سے ملک کے مختلف حصوں میں ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

تاخیر کی وجہ پلیٹ فارم کی تبدیلی 

کام میں تاخیر کے سوال پر چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ پہلے پلیٹ فارم۹؍میٹر چوڑا بنایا جارہا تھا مگر بعد میں جنرل منیجر کے مشورے سے ۱۲؍ میٹر چوڑا کیا گیا ہے۔اس سے آنے والے۵۰؍برس تک مسافروں کی ضرورت پوری کی جاسکے گی۔ اسی طرح مستقبل کی ضرورت کے پیش نظر کچھ اور تبدیلیاں ہیں ، اس وجہ سے خرچ اور وقت دونوں بڑھ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جینت پاٹل مہایوتی حکومت میں وزیر مالیات ہوں گے؟

اگر جوگیشوری ٹرمنس کے جاری کام کی بات کی جائے تو گراؤنڈ پلس عمارت کا۶۰؍ فیصد سے زیادہ کام ہوگیا ہے۔ انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک بھی تقریباً ۷۵؍ فیصد بن چکا ہے۔ پلیٹ فارم بنانے اور شیڈ لگانے کا کام جاری ہے اور یہ کام بھی ۶۰؍ فیصد سے زائد ہوگیا ہے۔ ٹرمنس کے بیشتر حصے کو کنکریٹ کا کیا جارہا ہے۔ویٹنگ، پارکنگ اور ایسے دیگر کام بھی جاری ہیں۔ اس طرح اگر مجموعی طور پر کام کو پیش نظر رکھا جائے تو۶۰؍ فیصد کام ہوا ہے، ۴۰؍ فیصد باقی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اب اس کی لاگت بڑھ کر۷۶؍ کروڑ روپے ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK