سائزنگ کی شرحوں میں اضافہ کے فیصلے کے بعد کام شروع کیا گیا،بِل ملنے کے ۱۵؍دنوں میں ادائیگی کا فیصلہ۔
سائزنگ۔ تصویر:آئی این این
سائزنگ صنعت کے مختلف مسائل اور مطالبات کے تعلق سے ۸؍ نومبر سے جاری غیر معینہ مدت کی ہڑتال ۸؍ دن بعد ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بھیونڈی سائزنگ اسوسی ایشن کی اتوار کو منعقدہ ہنگامی میٹنگ میں صنعت کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس فیصلے کے تحت پیر ۱۶؍نومبر کی صبح ۷؍بجے سے شہر کی تمام سائزنگ یونٹس نے دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا۔
سائزنگ یونٹوں کی بندش سے پاور لوم صنعت بھی متاثر ہونے لگی تھی اور کام نہ ملنے کے باعث مزدوروں کی دوسرے مقامات پر نقل مکانی شروع ہوگئی تھی۔ اس صورت حال نے سائزنگ مالکان کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔ اسی پس منظر میں اسوسی ایشن کے صدر اجے یادو کی صدارت میں منعقدہ ایگزیکٹیو اور کور کمیٹی کی میٹنگ میں ہڑتال ختم کرنے کے ساتھ سائزنگ کی شرحوں میں اضافے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔
تجویز کے مطابق کاٹن سائزنگ کی موجودہ شرح میں ۱۱؍روپے فی کلو اور پی وی/پی سی سائزنگ میں ۱۳؍ روپے فی کلو اضافہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام یونٹ مالکان کو اپنے متعلقہ تاجروں سے نئی شرحوں پر تحریری رضامندی حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ادائیگی کیلئے۱۵؍ دن کی مدت مقرر کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ بل ملنے کے ۱۵؍ دن کے اندر مکمل رقم ادا کرنا ہوگی۔ اگر کسی ماہ کا بل اگلے ماہ کی یکم تاریخ کو دیا جاتا ہے تو اس کی ادائیگی ۱۵؍ تاریخ تک لازمی ہوگی۔میٹنگ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے تمام سائزنگ یونٹوں میں مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ سے منظور شدہ ایندھن، یعنی کوئلہ اور بایو فیول استعمال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اسوسی ایشن نے تمام اراکین سے فیصلوں پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون اور تنظیمی اتحاد کے ذریعے ہی بھیونڈی کی سائزنگ صنعت کے مستقبل اور وقار کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔