۳؍ دنوں میں ۱۵۸؍ گاڑیوں پر کارروائی،۸۹؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، شہریوں سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی اپیل۔
EPAPER
Updated: October 31, 2026, 11:38 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۳؍ دنوں میں ۱۵۸؍ گاڑیوں پر کارروائی،۸۹؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، شہریوں سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی اپیل۔
شہر میں ٹریفک جام کے بڑھتے مسائل اور سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر بھیونڈی ٹریفک پولیس نے رانگ سائیڈ گاڑی چلانے اور نو انٹری میں داخل ہونے والوں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔ گزشتہ ۳؍ دنوں کے دوران ۱۵۸؍ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ۸۹؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ رانگ سائیڈ گاڑی چلانے والے ۷۷؍ڈرائیوروں کو قانونی کارروائی کے لئے عدالت بھیجا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے اس سلسلے میں ایک ہفتے تک خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہر کی اہم سڑکوں اور فلائی اوور پر غلط سمت سے گاڑیاں چلانا ٹریفک جام کی ایک بڑی وجہ بنتا جارہا ہے۔ خاص طور پر مصروف اوقات میں رانگ سائیڈ سے آنے والی گاڑیاں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔ جلد بازی میں غلط سمت سے گاڑیاں نکالنے اور فلائی اوور پر اچانک یوٹرن لینے سے نہ صرف ٹریفک متاثر ہوتا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یونیفارم سول کوڈ کیخلاف دستخطی مہم میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا
ٹریفک پولیس کے سینئر انسپکٹر کشور کھرات کی قیادت میں جاری اس مہم کے دوران راجیو گاندھی فلائی اوور اور بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام فلائی اوور پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ان دونوں مقامات پر رانگ سائیڈ گاڑی چلانے اور غیر قانونی طور پر یوٹرن لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق نو انٹری میں داخل ہونے والی ۸۱؍گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔اس مہم کے دوران اب تک ۱۵۸؍گاڑیوں پر کارروائی سے ۸۹؍ہزار ۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ غلط سمت سے گاڑی چلانے والے ۷۷؍ ڈرائیوروں کو عدالت بھیجا گیا ہے۔ کشور کھرات نے بتایا کہ فی الحال ایک ہفتے تک یہ مہم جاری رہے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد محض جرمانہ وصول کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا پابند بنانا اور حادثات پر قابو پانا ہے۔ پولیس نے گاڑی چلانے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ سمت میں ہی گاڑیاں چلائیں، نو انٹری کے ضابطوں کی پابندی کریں اور فلائی اوور پر اپنی مرضی سے یوٹرن لینے سے گریز کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رہ سکے۔