سُنّی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی بیداری کیلئے مہم چلارہی ہے۔ اسی کے تحت خطابِ جمعہ میں علماءاور ائمہ نے ’یوسی سی‘ کے نقصانات پر روشنی ڈالی۔
EPAPER
Updated: October 31, 2026, 11:39 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
سُنّی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی بیداری کیلئے مہم چلارہی ہے۔ اسی کے تحت خطابِ جمعہ میں علماءاور ائمہ نے ’یوسی سی‘ کے نقصانات پر روشنی ڈالی۔
یونیفارم سول کوڈ ( یوسی سی) کے تعلق سے سُنّی جمعیۃ العلماء اور رضااکیڈمی کی اپیل پر جمعہ کو ممبئی اورریاست کے دیگر اضلاع کی مساجد میں بڑے پیمانے پر دستخطی مہم چلائی گئی ۔ اسے غیر معمولی کامیابی ملی۔علماءکرام ،ائمہ مساجد اور ملّی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران کی سرپرستی میں چلائی جانے والی مہم میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔ انہوں نے یو سی سی سےمتعلق اپنی رائے اور تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ علماء اور ائمہ مساجد نے خطاب ِ جمعہ میں یوسی سی کیا ہے اور اس کے کیا نقصانات ہیں ،اس پر روشنی ڈالی۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ شریعت میں مداخلت ناقابل برداشت ہے۔حکومت ایسی کوئی غلطی نہ کرے جس سے عوام کو تکلیف پہنچنے کا اندیشہ ہو۔
ممبئی میں اس مہم کا دائرہ کافی وسیع رہا ۔ شہرومضافات کی متعدد اہم مساجد سُنّی بڑی مسجد (مدنپورہ)، مینارہ مسجد (محمد علی روڈ)، ہانڈی والا مسجد(چوربازار)، سیفی مسجد، جبلی کھڑک، الٰمصطفیٰ مسجد، زکریا مسجد (محمد علی روڈ)، ڈیکور ٹاور مسجد، مسجد بلال (چھوٹا سونا پور)، تیلی محلہ رسول مسجد، سورتی محلہ بڑی مسجد، ٹیمکر محلہ مسجد، شافعی مسجد (چور بازار)، چھوٹا سونا پور مسجد، قاضی پورہ مسجد، کیلاش اپارٹمنٹ مسجد، دودھ والا کمپلیکس مسجد، غوثیہ مسجد، سنجری مسجد اور غریب نواز مسجد (فارس روڈ) میں بیک وقت دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح کرلا کی مختلف مساجد میں بھی یو سی سی کے خلاف عوامی بیداری اور دستخطی مہم کا اہتمام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: اقلیتی تعلیمی اداروں کو راحت، اقلیتی درجہ کی سند پرعائد پابندی ختم
دارالعلوم حنفیہ رضویہ (قلابہ)، منیش مارکیٹ مسجد، زکریا مسجد اور مدرسہ حمیدیہ میں بھی لوگوں کو یو سی سی کے تعلق سے آگاہ کیا گیا اور ان کے دستخط حاصل کئے گئے ۔اس کے علاوہ دیگر مساجد میں ائمہ اور ذمہ داران نے جمعہ کی نماز کے بعد لوگوں کو اس مہم کی اہمیت سے آگاہ کیا اور انہیں جمہوری و آئینی طریقے سے اپنی رائے درج کرانے کی ترغیب دی۔
ممبئی کے علاوہ جالنہ، مالیگاؤں، ناسک اور بھیونڈی میں بھی یوسی سی سے متعلق اس مہم کو بھرپور حمایت حاصل رہی۔
سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کی اس اپیل پر مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں چلائی جانے والی اس ریاست گیر مہم نے یہ واضح کر دیا کہ عوام اپنے مذہبی، آئینی اور شہری حقوق کے تحفظ کے معاملے میں بیدار ہیں اور اس سلسلے میں منظم انداز سے اپنی آواز بلند کرنے کیلئے تیار ہیں ۔
دونوں تنظیموں کے ذمہ داران نے تمام علماء کرام، ائمہ مساجد، مسجد کمیٹیوں، نوجوانوں اور عوام سے یو سی سی سے متعلق بیداری مہم کو تیز کرنےکی اپیل کی ہے ۔
مہم میں حصہ لینے کی اپیل
ہانڈی والا مسجد کےباہر جمعہ کی نماز کے بعد کچھ ذمہ داروں کو مصلیان اور راہگیروں سے اپیل کرتے دیکھا گیا۔ وہ لوگوں سے یوسی سی کے خلاف جاری دستخطی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینےکی اپیل کررہےتھے۔دستخط کرکے جانے کی درخواست کررہےتھے۔ اپنا نام اور موبائل فون نمبر درج کر کے دستخطی مہم میں حصہ لیں،یہ کہہ رہےتھے۔ واضح رہے کہ یہ دستخطی مہم ۱۵؍ نومبر تک چلائی جائے گی۔