میونسپل کارپوریشن نے شہر میں سرکاری و عوامی املاک کو بدشکل بنانے والے غیر قانونی بینروں، فلیکس، پوسٹرز، ہورڈنگز، اسٹیکرز اور دیوار نویسی کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میونسپل انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی سڑکوں، فٹ پاتھوں، فلائی اووروں، بجلی کے کھمبوں، درختوں، حفاظتی دیواروں، سرکاری و عوامی عمارتوں اور دیگر سرکاری یا نجی املاک پر پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کا اشتہار آویزاں کرنا یا تحریر کرنا قانوناً جرم ہے۔
بینرس۔ تصویر:آئی این این

میونسپل کمشنر انمول ساگر نے بتایا کہ شہریوں، تجارتی اداروں، اشتہاری ایجنسیوں، سیاسی جماعتوں، سماجی و مذہبی تنظیموں اور مختلف پروگراموں کے منتظمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ میونسپل کارپوریشن کی پیشگی منظوری حاصل کئے بغیر کسی بھی قسم کے بینرز، فلیکس یا اشتہار نہ لگائیں۔انتظامیہ کے مطابق مہاراشٹر پراپرٹی ڈیفیسمنٹ پریوینشن ایکٹ ۱۹۹۵ءکے تحت کسی بھی سرکاری یا نجی ملکیت کو بغیر اجازت اشتہار، پوسٹر، بینر، فلیکس، رنگ و روغن یا تحریر کے ذریعے بدشکل بنانا قابلِ سزا جرم ہے۔ اسی طرح مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ ۱۹۴۹ء کی متعلقہ دفعات کے مطابق مقررہ فیس اور میونسپل اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی۔
کارپوریشن نے متنبہ کیا ہے کہ ضابطوں کی خلاف ورزی کی صورت میں غیر قانونی اشتہارات فوری طور پر ہٹا دئیے جائیں گے جبکہ اشتہار دینے والوں، متعلقہ املاک کے مالکان (جہاں قابلِ اطلاق ہو)، پرنٹنگ پریس، اشتہاری ایجنسیوں، منتظمین اور دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی اشتہارات ہٹانے پر آنے والا تمام خرچ بھی متعلقہ افراد سے وصول کیا جائے گا۔
میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور غیر قانونی اشتہارات سے پاک رکھنے میں تعاون کریں۔ اگر کہیں غیر قانونی بینر، فلیکس یا عوامی املاک کی بدصورتی نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ وارڈ دفتر یا میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ محکمہ کو دیں۔میونسپل کمشنر نے شہریوں سے یہ بھی کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی تشہیری سرگرمی سے قبل لازمی اجازت حاصل کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی برقرار رہے اور عوامی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔