محکمہ تعلیم کے افسران سرکاری اسکولوں کا اچانک معائنہ کریںگے، تدریسی خدمات میں لاپروائی برتنے والوں پر کارروائی کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: August 25, 2026, 1:34 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
محکمہ تعلیم کے افسران سرکاری اسکولوں کا اچانک معائنہ کریںگے، تدریسی خدمات میں لاپروائی برتنے والوں پر کارروائی کا انتباہ۔
میونسپل اسکولوں کا تعلیمی معیار بلند کرنے اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کو مزید بہتر بنانے کے لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر کی ہدایت پر محکمۂ تعلیم کے افسران نے میونسپل اسکولوں کا اچانک معائنہ شروع کردیا ہے۔ اس مہم میں اساتذہ کی تدریسی کارکردگی، طلبہ کی تعلیمی پیش رفت اور اسکولوں میں تعلیمی ماحول کا جائزہ لینے کے ساتھ سی آر سی کے کام کاج پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا: جے شنکر
ڈپٹی میونسپل کمشنر (تعلیم) بالکرشن شیرساگر کی رہنمائی میں افسران کی ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کررہی ہیں۔ معائنے کے دوران اس بات کی جانچ کی جارہی ہے کہ سی آر سی کوآرڈینیٹر اسکولوں کا باقاعدہ دورہ کررہے ہیں یا نہیں، اساتذہ کی تدریسی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی ہورہی ہے یا نہیں اور طلبہ کی تعلیمی ترقی کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔ محکمۂ تعلیم کے مطابق اچانک معائنے کا مقصد صرف خامیاں تلاش کرنا نہیں بلکہ تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانا اور ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ معائنے کے دوران سامنے آنے والی کوتاہیوں کا ریکارڈ تیار کرکے ذمہ دار افراد کی جواب دہی طے کی جائے گی جبکہ ڈیوٹی میں لاپروائی اور ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں محکمہ جاتی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
رکن اسمبلی نے بھی دورہ کیا
دریں اثنا رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بھی میونسپل کارپوریشن کے انتظامی افسران اور عوامی نمائندوں کے ساتھ میونسپل اسکول نمبر ۸۱؍ اور ۸۳؍کا اچانک دورہ کرکے بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ ڈپٹی میئر طارق مومن، پربھاگ سمیتی ایک کے چیئرمین حسنین فاروقی ،سابق کارپوریٹر ذاکر مرزا اور دیگر کارپوریٹر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ میں مراٹھی زبان پر تنازع۔ ایم این ایس کی مداخلت
اسکولوں کی خستہ حالت کا جائزہ لینے کے بعد رکن اسمبلی نے بچوں کو محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے ۲۵؍لاکھ روپے کے بنیادی مرمتی کاموں کی تجویز میونسپل انتظامیہ کے سامنے رکھی۔ دورے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کی غیرجانبدارانہ جانچ اور ذمہ دار افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ۔ انتظامیہ کے مطابق تعلیمی معیار میں واضح بہتری لانے کیلئے اچانک معائنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
سی آر سی کیا ہے؟
کلسٹر ریسورس سینٹر (سی آر سی ) محکمۂ تعلیم کا ایک ایسا انتظامی و تعلیمی نظام ہے، جس کے تحت ایک مخصوص علاقے کے کئی اسکولوں کو ایک کلسٹر میں شامل کیا جاتا ہے اور ایک ٹیچر کو سی آر سی افسربناکر اس کا نگراں بنایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد اسکولوں میں تعلیمی معیار، تدریسی طریقوں اور طلبہ کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ سی آر سی کے ذریعے اساتذہ کو رہنمائی اور تربیت فراہم کی جاتی ہے، اسکولوں کے تعلیمی کام کا جائزہ لیا جاتا ہے اور مختلف سرکاری تعلیمی منصوبوں کے نفاذ میں تعاون کیا جاتا ہے۔