• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: عالمی باڈی بلڈنگ چمپئن شپ میں ارون بھوئر کی نمایاں کامیابی

Updated: November 09, 2026, 12:33 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

میونسپل اسکول کے استاد نے اسپین میں منعقدہ مقابلے کے ۳؍زمروں میں ٹاپ ۔۱۰؍میں جگہ بنائی۔

Arun Kathore Bhoir brought glory to the country. Photo: INN
ارون کاتھوڑ بھوئر نے ملک کا نام روشن کیا۔ تصویر: آئی این این

تدریس کے پیشے سے وابستہ ایک استاد نے عالمی کھیل کے میدان میں اپنی محنت اور صلاحیت کا ایسا مظاہرہ کیا ہے جس نے شہر کو بین الاقوامی سطح پر پہچان دلادی ہے۔ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے اسکول نمبر ۹۵؍، نئی بستی میں معاون استاد ارون کاتھوڑ بھوئر نے اسپین کے سانتا سوسانا میں منعقدہ ’آئی ایف بی بی ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس چمپئن شپ ۲۰۲۶ء‘ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ۳؍زمروں کے مقابلوں میں ٹاپ ۔۱۰؍ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی ہے۔

عالمی سطح کے اس مقابلے میں ۱۰۰؍ سے زائد ممالک کے بہترین باڈی بلڈرز نے حصہ لیا تھا۔ ارون بھوئر نے ۷۰؍کلوگرام سے کم وزن کی باڈی بلڈنگ، مینز فزیک اور مینز فٹنس کے زمروں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ۳؍ مختلف زمروں میں عالمی سطح کے بہترین ۱۰؍ کھلاڑیوں میں شامل ہونا ان کی مسلسل محنت، جسمانی فٹنس اور کھیل کے تئیں غیر معمولی لگن کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۲؍ ملاڈ فاسٹ ٹرینوں کو جوگیشوری میں روکنے کا مطالبہ

تدریس کے ساتھ کھیل کیلئے بھی وقت نکالا

ارون بھوئر کی اس کامیابی کا اہم پہلو یہ ہے کہ انہوں نے ملازمت اور کھیل کو ایک دوسرے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ دن بھر اسکول میں طلبہ کی تدریس اور دیگر ذمہ داریاں نبھانے کے بعد وہ اپنی جسمانی تیاری کیلئے وقت نکالتے رہے۔ سخت غذائی معمول، باقاعدہ ورزش اور رات گئے تک جاری رہنے والی مشق ان کے روزمرہ معمول کا حصہ رہی۔ اسی نظم و ضبط نے انہیں عالمی مقابلے تک پہنچایا۔

ان کی اس کامیابی میں انڈین باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سنجے مورے کی رہنمائی بھی اہم رہی، جنہوں نے مقابلے کی تیاری کے دوران انہیں تکنیکی تربیت اور مسلسل حوصلہ افزائی فراہم کی۔

نوجوانوں کے لئےپیغام

عام طور پر ملازمت اور خاندانی و سماجی ذمہ داریوں کے درمیان کھیل کے لئے وقت نکالنا آسان نہیں ہوتا لیکن ارون بھوئر نے ثابت کیا کہ مضبوط ارادے اور منصوبہ بند محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں بیک وقت نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ارون بھوئر نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ باڈی بلڈنگ صرف جسم بنانے کا نہیں بلکہ نظم و ضبط، صبر اور خود اعتمادی پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ نوجوان صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں، باقاعدہ ورزش کریں، متوازن غذا لیں اور اپنے مقصد کے حصول کے لئے مستقل محنت کریں۔ تعلیم، ملازمت یا دیگر مصروفیات کے ساتھ بھی باڈی بلڈنگ کے لئے وقت نکالا جاسکتا ہے۔ مضبوط عزم اور مسلسل مشق کے ذریعے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکتا ہے بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK