کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کو دونوں ریاستوں کے درمیان پانی کے مشترکہ انتظام کے حل کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 12:56 PM IST | Agency | Bengaluru
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کو دونوں ریاستوں کے درمیان پانی کے مشترکہ انتظام کے حل کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔
کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اتوار کو تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ سی جوزف وجے سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ مجوزہ میکے داتو بیلنسنگ ریزروائر (آبی ذخیرے) کے معاملے میں کرناٹک کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو دریائے کاویری کے دیرینہ آبی تنازع میں ایک نیا محاذ بنانے کے بجائے دونوں ریاستوں کے درمیان پانی کے مشترکہ انتظام کے حل کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔شیوکمار نے براہ راست وجے سے اپیل کرتے ہوئے تمل ناڈو حکومت پر زور دیا کہ وہ بات چیت کے لیے اپنا ایک وفد کرناٹک بھیجے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرناٹک پانی کی تقسیم سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گا اور اس منصوبے کا کسی بھی طرح ناجائز استعمال نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ لڑائی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لڑائی کے دن گزر چکے ہیں۔ سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنا چکی ہے۔ ہمیں اس ملک کے قانون کا احترام کرنا چاہئے۔ آئیے مل کر کام کریں، پانی بانٹیں اور آپس میں اتحاد کو فروغ دیں۔
یہ بھی پڑھئے:چوتھے جج نے مغربی بنگال میں ایس آئی آر ٹربیونلز سے استعفیٰ دے دیا
ہم سب ایک ہیں۔تمل ناڈو کے خدشات دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ مجوزہ آبی ذخیرہ پڑوسی ریاست کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا، خاص طور پر پانی کی قلت کے دوران اس سے پانی کی دستیابی کو منظم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ میکے داتو آبی ذخیرے سے تمل ناڈو کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ اسی لئے اسے بیلنسنگ ریزروائر کہا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کاویری کے پانی کی تقسیم سے متعلق جاری کردہ ہدایات کے تحت کرناٹک کو اپنی حدود میں یہ آبی ذخیرہ تعمیر کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان ہدایات کے مطابق کرناٹک کو ہر سال تمل ناڈو کیلئے۱۷۷؍ ٹی ایم سی پانی چھوڑنا ہوگا۔شیوکمار نے کہا ’’مجھے امید ہے کہ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ملک کے قانون سے واقف ہوں گے۔ ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان کی سپریم کورٹ پہلے ہی اجازت دے چکی ہے کہ کرناٹک اپنی زمین پر ڈیم تعمیر کرسکتا ہے۔ اس کے ساتھ شرط یہ رکھی گئی ہے کہ ہمیں تمل ناڈو کیلئے۱۷۷؍ ٹی ایم سی پانی چھوڑنا ہوگا۔ یہی شرط ہے۔