۳؍ سال بعد معاوضہ کی اُمید ،دگھاشی میں ہائی ٹینشن بجلی لائن منصوبے سے زرعی زمینوں اور درختوں کو نقصان پہنچا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 11:59 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۳؍ سال بعد معاوضہ کی اُمید ،دگھاشی میں ہائی ٹینشن بجلی لائن منصوبے سے زرعی زمینوں اور درختوں کو نقصان پہنچا۔
بھیونڈی تعلقہ کے دگھاشی گاؤں سے گزرنے والی انتہائی ہائی ٹینشن بجلی لائن کے منصوبے سے متاثرہ کسانوں کو ۳؍سال بعد معاوضہ ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ منصوبے کے دوران زرعی زمینوں، پھل دار درختوں اور دیگر پیڑ پودوں کو پہنچنے والے نقصان کی بھرپائی کے لئے کسان مسلسل سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ رہے تھے لیکن ان کی شکایت پر کوئی فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ اب انتظامیہ نے دسمبر۲۰۲۶ء میں تمام متاثرہ کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھائندر میں چرمکار برادری کا دھرنا چوتھے روز میں داخل
اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی کی جانب سے دگھاشی گاؤں سے ہائی ٹینشن بجلی لائن گزارنے کے دوران متعدد کسانوں کی زرعی زمینیں اور درخت متاثر ہوئے تھے۔ اس کے باوجود نقصان کی تلافی نہ ہونے سے کسان گزشتہ ۲؍ سے ۳؍ برس سے معاوضے کے حصول کے لئے متعلقہ محکموں سے رجوع کر رہے تھے۔ مسلسل درخواستوں اور مطالبات کے باوجود معاملہ زیر التوا رہنے سے کسانوں میں ناراضگی پائی جا رہی تھی۔متاثرہ کسانوں کی اس پریشانی کو دیکھتے ہوئے شیوسینا لیڈر پرکاش پاٹل نے کسانوں کے وفد کے ساتھ بھیونڈی کے سب ڈویژنل آفیسر امیت سانپ سے ملاقات کی اور معاوضے کی ادائیگی میں ہونے والی تاخیر کا معاملہ اٹھاتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس پر انتظامیہ نے آئندہ دسمبر میں تمام متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دینے کا یقین دلایا۔
اس یقین دہانی کے بعد متاثرہ کسانوں کو اپنے نقصان کی بھرپائی کی امید ضرور بندھی ہے لیکن اب ان کی نظریں انتظامیہ کے وعدے پر عملدرآمد اور معاوضے کی عملی ادائیگی پر مرکوز ہیں۔