خام مال کی سرکاری تقسیم، افسران کی کمیٹی اور خصوصی مالی رعایتوں کا مطالبہ۔ بڑھتی پیداواری لاگت اور مہنگائی کے باعث صنعتوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 11:56 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
خام مال کی سرکاری تقسیم، افسران کی کمیٹی اور خصوصی مالی رعایتوں کا مطالبہ۔ بڑھتی پیداواری لاگت اور مہنگائی کے باعث صنعتوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ۔
شہر کی سائزنگ اور ڈائنگ صنعتوں کو معاشی بحران سے نکالنے اور ہزاروں مزدوروں کے روزگار کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سرکاری سطح پر خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔ بڑھتی پیداواری لاگت اور خام مال کی مہنگائی کے باعث صنعتوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس پس منظر میں مغربی اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو خط لکھ کر خام مال کی سرکاری سطح پر فراہمی، خصوصی مالی رعایتوں اور صنعتوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے افسران کی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔مہیش چوگھلے نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بھیونڈی ریاست کا اہم ٹیکسٹائل مرکز ہے اور یہاں کی سائزنگ، ڈائنگ اور کپڑا سازی کی صنعتوں سے ہزاروں صنعت کاروں اور مزدوروں کا روزگار وابستہ ہے لیکن کوئلے اور مکئی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پیداواری اخراجات بڑھا دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: میرا بھائندر کی ریشماں کٹے نے پہلی خاتون فل آئرن مین کا خطاب جیتا
سائزنگ صنعتوں میں کوئلہ بطور ایندھن استعمال ہوتا ہے جبکہ مکئی سے تیار ہونے والا خام مال بھی پیداواری عمل کا اہم حصہ ہے۔ دونوں کی قیمتوں میں اضافے سے صنعت کاروں کے لئے کارخانے چلانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خام مال کی فراہمی کے لئے علاحدہ سرکاری تقسیم کاری نظام قائم کیا جائے، تاکہ صنعتوں کو کوئلہ اور مکئی مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوسکیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر کارخانوں کی معاشی حالت، پیداواری اخراجات اور درپیش مسائل کا زمینی جائزہ لیا جائے اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر امدادی اقدامات کئے جائیں۔رکن اسمبلی نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت مداخلت نہیں کی تو معاشی دباؤ کے باعث کارخانوں کی بندش میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کا سب سے زیادہ اثر ان مزدوروں پر پڑے گا جن کا روزگار ان صنعتوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے خصوصی مالی رعایتوں اور امدادی اسکیم کے اعلان پر بھی زور دیا ہے، تاکہ صنعتوں کو بند ہونے سے بچایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھئے: بھائندر میں چرمکار برادری کا دھرنا چوتھے روز میں داخل
مہیش چوگھلے نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ متعلقہ وزراء اور افسران کو فوری ہدایات جاری کرکے بھیونڈی کی ٹیکسٹائل صنعتوں کے تحفظ اور مزدوروں کے روزگار کو برقرار رکھنے کے لئے عملی فیصلے کئے جائیں۔
اس سلسلے میں سماجی کارکن زاہد مختار شیخ نے بھی حکومت کو مکتوب دے کر صنعتوں کے مسائل کی جانب توجہ دلائی ہے۔