• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہانگر گیس لمیٹیڈ کے ٹھیکیدار کی لاپروائی سے پانی کی مین پائپ لائن پھٹ گئی،لاکھوں لیٹر پانی ضائع

Updated: November 22, 2026, 11:44 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Dombivli

ریاست بھر میں پانی کے سنگین بحران اور حکومتی ہدایات کے تحت نافذ کی گئی۱۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی کے درمیان ٹھیکیدار کی مبینہ مجرمانہ غفلت کے باعث شیل پھاٹا روڈ پر واقع کٹائی ناکہ کے قریب پانی کی مین پائپ لائن پھٹ گئی۔

Water is flowing on the road after a pipeline burst (Photo: Inquilab)
پائپ لائن پھٹنے کے بعد سڑک پر پانی بہہ رہا ہے( تصویر:انقلاب)

ریاست بھر میں  پانی کے سنگین بحران اور حکومتی ہدایات کے تحت نافذ کی گئی۱۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی کے درمیان ٹھیکیدار کی مبینہ مجرمانہ غفلت کے باعث شیل پھاٹا روڈ پر واقع کٹائی ناکہ کے قریب پانی کی مین پائپ لائن پھٹ گئی۔مہانگر گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے کے دوران پیش آنے والے اس حادثہ میں لاکھوں لیٹر پینے کا پانی سڑکوں پر بہہ کر ضائع ہوگیا۔ پائپ لائن پھٹنے کے نتیجہ میں ایم آئی ڈی سی، پلاوا سٹی اور ۲۷ ؍گاؤں کے علاقوں میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس پر برہم شہریوں نے ذمہ دار کمپنی کے خلاف فوجداری کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یو سی سی کی سماعت ، تنظیموں نے تجاویز پیش کیں

ذرائع کے مطابق مہانگر گیس کے ٹھیکیدار کی جانب سے زیرِ زمین گیس پائپ لائن بچھانے کا کام جاری تھا جس کے لئے ایم آئی ڈی سی حکام کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔  جمعہ کی شام کٹائی ناکہ پر کھدائی کے دوران جے سی بی مشین کی زوردار ٹکر لگنے سے پانی کی مین پائپ لائن پھٹ گئی۔ پائپ لائن پھٹتے ہی شدید دباؤ کے باعث پانی کے ۲۰ ؍فٹ اونچے فوارے پھوٹ پڑے اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا علاقہ زیر آب آگیا۔ کچھ دیر کیلئے شیل پھاٹا روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی شہری انتظامیہ اور ایم آئی ڈی سی کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور رات گئے تک جنگی پیمانے پر مرمت کا کام جاری رکھا۔قبل ازیں ایم آئی ڈی سی کی جانب سے جمعرات کی رات ۱۲ ؍بجے سے جمعہ کی دوپہر ۱۲؍ بجے تک  ۲۴؍ گھنٹے کیلئے پانی کی فراہمی بند رکھی گئی تھی جس کے بعد سنیچر کی صبح پانی کی بحالی متوقع تھی لیکن سنیچر کی دوپہر ۱۲ ؍بجے تک پانی کی سپلائی بحال نہیں ہونے سے مکینوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔شہریوں کے احتجاج کرنے پر محکمۂ آب کے حکام کا کہنا تھا کہ پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے اور دوپہر تک سپلائی بحال کر دی جائے گی۔مقامی شہریوں کا الزام ہے کہ متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کے درمیان تال میل کے شدید فقدان کے باعث کٹائی ناکہ اور کلیان- شیل پھاٹا روڈ پر اس طرح کے حادثات معمول بن چکے ہیں۔شہریوں نے میونسپل کارپوریشن اور ایم آئی ڈی سی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پینے کے پانی کی اس بربادی کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مہانگر گیس کمپنی اور متعلقہ ٹھیکیدار پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK