ویتنام میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلے میں تاریخ رقم کر دی ، ریشماںکے مطابقمواقع کا انتظار کرنے کے بجائے انہیں خود پیدا کرنا چاہئے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 11:53 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mira Bhayandar
ویتنام میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلے میں تاریخ رقم کر دی ، ریشماںکے مطابقمواقع کا انتظار کرنے کے بجائے انہیں خود پیدا کرنا چاہئے۔
پختہ ارادے اور مضبوط حوصلے کے سامنے بڑی سے بڑی رکاوٹ بھی ختم ہوجاتی ہے۔ اس کی مثال میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس کمشنریٹ سے وابستہ ریشماں کٹے نے قائم کی ہے۔ انہوں نے ویتنام میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلے میں پہلی خاتون فل آئرن مین کا خطاب جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔اس شاندار کامیابی کے ساتھ وہ میرا بھائندر شہر اور پولیس کمشنریٹ کی پہلی خاتون فل آئرن مین بن گئی ہیں۔ جنر تعلقہ کے نیٹواڈ گاؤں سے تعلق رکھنے والی اس باہمت خاتون کی کارکردگی پر نہ صرف پولیس محکمے بلکہ پورے شہر میں فخر و مسرت کا ماحول ہے۔
تین کٹھن مرحلے، ایک تاریخی جیت
ریشماں کٹے نے اس مشکل مقابلے میں مقررہ وقت کے اندر ۳ء۸؍ کلومیٹر تیراکی، ۱۸۰؍ کلومیٹر سائیکلنگ اور۴۲؍ کلومیٹر دوڑ کا کٹھن مرحلہ کامیابی سے مکمل کیا۔ دلچسپ پہلو یہ رہا کہ مقابلے سے قبل ایئر لائنز کے قواعد میں اچانک تبدیلی کے سبب ان کی پریکٹس سائیکل ممبئی ایئرپورٹ ہی پر روک لی گئی لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور ویتنام میں خریدی گئی تکنیکی خامیوں والی سائیکل کے سہارے ہی۱۸۰؍ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر لیا۔
یہ بھی پڑھئے: بھائندر میں چرمکار برادری کا دھرنا چوتھے روز میں داخل
ان کا یہ سفر نشیب و فراز سے بھرپور رہا ہے۔ ۲۰۱۱ء میں گھٹنے کی سنگین چوٹ کے باعث انہیں ۷؍ برس تک کھیلوں سے دور رہنا پڑا۔۲۰۱۹ء میں سرجری کے بعد انہوں نے نئے عزم کے ساتھ مشق کا آغاز کیا۔ محض۱۰؍ کلومیٹر کی واک سے شروع ہونے والا یہ سفر آج۱۶۱؍ کلومیٹر ( ۱۰۰؍ میل) کی الٹرا میراتھن اور فل آئرن مین جیسے دشوار گزار مقابلوں تک پہنچ چکا ہے۔ پولیس کی مصروف اور کٹھن خدمات انجام دینے کے باوجود وہ اب تک ملک و بیرونِ ملک۷۵؍ سے زائد میراتھن اور کھیلوں کے مقابلوں میں شریک ہو چکی ہیں۔ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کی مشہور کومری میراتھن میں انہوں نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا اور۱۶۱؍کلومیٹر کی( خواتین کے عام زمرے ) اوپن ویمن کیٹیگری میں ٹاپ فائیو رنرز میں شامل رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: یو سی سی کی سماعت ، تنظیموں نے تجاویز پیش کیں
ریشماں کٹے کا بیان
ریشماں کٹے کا کہنا ہے کہ کامیابی راتوں رات نہیں ملتی بلکہ مواقع کا انتظار کرنے کے بجائے انہیں خود پیدا کرنا چاہئے۔ ان کے مطابق سچی لگن، محنت، تجربے اور تسلسل سے ہر منزل پائی جا سکتی ہے۔ایک جانب پولیس فورس کی ذمہ داریاں اور دوسری جانب عالمی سطح پر کھیلوں کی کامیابیاں ریشماں کٹے کی یہ جدوجہد خواتین کو با اختیار بنانے کی روشن مثال ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے لئے بھی ایک مؤثر تحریک ہے۔