• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھائندر میں چرمکار برادری کا دھرنا چوتھے روز میں داخل

Updated: November 22, 2026, 11:48 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mira Bhayandar

میونسپل کارپوریشن کی نئی شرائط مسترد،۲۰۰۲ء تا۲۰۰۴ء کے سرکاری حکم نامے (جی آر) پر عمل درآمد اور بیوہ خواتین کیلئے پنشن کا مطالبہ۔

A scene from the ongoing protest at Subhash Chandra Bose Ground in Bhayandar (West). Photo: INN
بھائندر (مغرب) کے سبھاش چندر بوس میدان میںجاری احتجاج کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کی مبینہ من مانی اور روزگار کے مسائل سے متعلق چرمکار برادری کی جانب سے بھائندر (مغرب) کے سبھاش چندر بوس میدان میں شروع کیا گیا احتجاجی دھرنا سنیچر کو چوتھے روز بھی جاری رہا۔ شدید دھوپ اور کھلے آسمان تلے اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کے ساتھ بیٹھے مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار دنوں سے وہ اپنا کاروبار بند کر کے یہاں بیٹھے ہیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ گئی ہے لیکن تاحال میونسپل انتظامیہ کا کوئی بھی ذمہ دار افسر ان کی داد رسی کے لئے نہیں پہنچا ۔ احتجاج کے مقام ہی پر  مظاہرین کی جانب سے اجتماعی طور پر کھانا پکانے کا انتظام کیا گیا ہے۔

احتجاج میں شریک برادری کی ایک خاتون الکاتائی مدھوکر اہیرو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چمڑے کے جوتے اور چپل بنانا ان کا سات پشتوں پرانا آبائی پیشہ ہے اور اسی پر ان کے خاندان کی گزر بسر ہوتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آن لائن کاروبار کے دور میں ویسے ہی کام کم ہو گیا ہے، گھنٹوں انتظار کے بعد ۲۰؍ روپے کا کام بھی مشکل سے ملتا ہے اور اوپر سے میونسپل کارپوریشن کا عملہ انہیں ہراساں کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یو سی سی کی سماعت ، تنظیموں نے تجاویز پیش کیں

مظاہرین نے واضح کیا کہ انہیں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عائد کردہ حالیہ۴؍ شرائط کسی صورت منظور نہیں ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ۲۰۰۲ء،۲۰۰۳ء اور۲۰۰۴ ء کے دوران جاری کئے گئے سرکاری حکم ناموں (جی آر) کے تحت ہی ان کے حقوق اور روزگار کا تحفظ کیا جائے۔ برادری کے افراد نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ان کے سماج میں تقریباً ۱۰۰؍  سے۱۵۰؍ بیوہ خواتین موجود ہیں جو انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں اور انہیں کوئی سرکاری پنشن یا امداد نہیں مل رہی۔مظاہرین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ شوق سے سڑکوں پر نہیں بیٹھے بلکہ یہ ان کی زندگی اور روزی روٹی کا سوال ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے، ان کا یہ احتجاج جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK