Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : بقرعید کے موقع پر ٹریفک روٹس میں تبدیلی

Updated: May 28, 2026, 2:57 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

شہریوں کو متبادل راستوں کا استعمال کرنے کی ہدایت، ایمرجنسی گاڑیوں کو مکمل استثنیٰ۔

Goat.Photo:INN
بکرے۔ تصویر:آئی این این
 بقرعید کے موقع پر۲۷؍ مئی سے شہر کی مختلف مساجد میں نمازِ دوگانہ کی ادائیگی کیلئے بڑی تعداد میں مسلمانوں کی شرکت کے پیش نظر انتظامیہ نے ٹریفک روٹس میں تبدیلیاں کی ہیں۔ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، ممکنہ جام سے بچاؤ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تھانے شہر ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ انتظامات۲۷؍ مئی کی صبح۶؍بجے سے نافذ العمل  ہوئے اور عید کے دوسرے دن تک نافذ رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) پنکج شرساٹھ نے موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات۱۱۵؍ اور۱۱۶(۱)کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے خصوصی ٹریفک کنٹرول نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت شہر کے اہم داخلی راستوں پر بھاری، درمیانی اور بعض مقامات پر ہلکی گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
 
 
نوٹیفکیشن کے مطابق ممبئی، تھانہ اور مانکولی کی جانب سے پرانے تھانے -آگرہ روڈ کے ذریعے بھیونڈی آنے والی تمام بھاری گاڑیوں کا داخلہ انجور پھاٹا پر مکمل طور پر بند رہے گا۔ ان گاڑیوں کو وسئی روڈ، قاری ولی زکات ناکہ سے اپنی منزل تک پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح ممبئی اور تھانہ سے آنے والی ایس ٹی اور ٹی ایم ٹی بسیں نیز ہلکی گاڑیوں کو نارپولی پولیس اسٹیشن کے قریب روک دیا جائےگا۔ بسیں یہیں مسافروں کو اتار کر واپس لوٹ جائیں گی جبکہ ہلکی گاڑیوں کو دیوجی نگر، سائناتھ سوسائٹی اور کامت گھر روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔راجنولی ناکہ سے شہر میں داخل ہونے والی تمام بھاری، درمیانی اور ہلکی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ ان کیلئے ممبئی ناسک بائی پاس ہائی وے، مانکولی ناکہ، انجور پھاٹا، وسئی روڈ، اووَلی کھنڈ، تاڈالی زکات ناکہ اور پائپ لائن روڈ کو متبادل راستے  دئیے گئے ہیں۔
 
 
وڈپا چیک پوسٹ کی جانب سے آنے والی گاڑیوں کو دھامن گاؤں۔جامبولی پائپ لائن ناکہ اور چاوندرا ناکہ پر روک دیا جائے گا۔ متعلقہ گاڑیوں کو پائپ لائن روڈ کے ذریعے واڑہ کی سمت جانے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ ایس ٹی بسیں چاوندرا زکات ناکہ پر مسافروں کو اتارنے کے بعد واپس روانہ ہوں گی۔اسی طرح چھترپتی شیواجی مہاراج چوک سے ونجارپاٹی ناکہ جانے والے راستے پر ہر قسم کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی رہے گی۔ اس راستے کیلئے سنگم پاڑا، میٹرو ہوٹل اور ونجارپٹی برج کو متبادل روٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس خصوصی نوٹیفکیشن کا اطلاق پولیس گاڑیوں، فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور دیگر ہنگامی و ضروری خدمات انجام دینے والی گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ متبادل راستوں کا استعمال کرتے ہوئے تعاون کریں تاکہ بقرعید کے موقع پر شہر میں آمد و رفت کا نظام متاثر نہ ہو۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK