Inquilab Logo

بھیونڈی: آلودہ پانی کی سپلائی سے شہری پریشان

Updated: April 01, 2024, 12:38 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

نلوں میں گٹر کا پانی آنے کی شکایت، میونسپل کمشنر سے شکایت، انتخابات کے بعد نئی پائپ لائن ڈالی جائےگی۔

Tap water in two different areas. Photo: INN
دومختلف علاقوں میں نل کا پانی۔ تصویر : آئی این این

یہاں میونسپل کارپوریشن کی لاپروائی کے باعث نظام پورہ علاقے میں واقع مرغی محلہ کے لوگ نالے کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ مقامی شہریوں نے اس کی شکایت میونسپل کمشنر سے کی ہے۔ 
 معلوم ہوکہ مرغی محلہ میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے فراہم کردہ پائپ لائن سے گزشتہ کئی دنوں سے آلودہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ وہاں موجود خواتین نے بتایا کہ مرغی محلہ میں پہلے ہی پینےکے پانی کی قلت ہے۔ دوسری جانب نلوں سے سیدھا نالے کا گندہ پانی آنا شروع ہو گیا ہے۔ اس سے ہمیں بہت دشواری پیش آرہی ہے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ ان کی عمارت کے تمام گھروں میں کارپوریشن کے نلوں سے آلودہ اور بدبودار پانی آرہا ہے۔ میونسپل افسران سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے جس کے بعد یہاں کے مکینوں پر مشتمل ایک وفد نے میونسپل کارپوریشن کمشنر سے ملاقات کی اور آلودہ پانی کی فراہمی کی شکایت کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: دھولیہ: اہل غزہ کی حمایت میں جمعۃ الوداع کو یوم دعا منانے کی ایپل کی گئی

 میونسپل کارپوریشن کے محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناورنے بتایا کہ مرغی محلہ میں نالے کے اندر سے پائپ لائن گئی ہے۔ نالا بھر جانے سے کئی لوگوں کی پائپ لائنیں ٹوٹ چکی ہیں جس کی وجہ سے نالیوں کا گندا پانی نلکوں سے گھروں میں جا رہا ہے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی محکمہ آب رسانی نے ٹوٹی پائپ لائنوں کی جانچ کی اور کہا کہ مرمت کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پائپ لائن برسوں پرانی ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ خراب بھی ہو چکی ہے۔ جس کیلئے میونسپل انتظامیہ نے نئی پائپ بچھانے کی تجویز منظور کی ہے۔ نئی پائپ لائن بچھانے کا کام لوک سبھا انتخابات کے بعد شروع کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK