• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی:بوتھ پرسہولتوں کادعویٰ،۸۲۰؍کنٹرول اور ۱۶۴۰؍بیلٹ یونٹس،سیلنگ کی جانچ مکمل

Updated: January 11, 2026, 11:26 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

پولنگ اسٹیشنوں پر سایہ دار شامیانے، پینے کے پانی، معمر اور معذور ووٹروںکیلئے ڈولی اور وہیل چیئر کا انتظام۔

Bhiwandi Municipal Commissioner Anmol Sagar۔ Photo: INN
بھیونڈی کے میونسپل کمشنر انمول ساگر۔ تصویر: آئی این این

شہر بھر میں ۷۵۰؍ پولنگ اسٹیشن ، ۸۲۰؍ کنٹرول یونٹس، ایک ہزار۶۴۰؍  بیلٹ یونٹس اور۴۵۰۰؍ سرکاری ملازمین کی تعیناتی کے ساتھ۱۵؍ جنوری کو ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے لیے میونسپل انتظامیہ نے پولنگ کی مکمل تیاری کا دعویٰ کیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق میونسپل کمشنر  اورالیکشن افسر انمول ساگر کی قیادت میں ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی سے متعلق تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انتخابات کے لیے ای وی ایم کی جانچ اور سیلنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ ۱۰۰؍ علاقائی افسران کی نگرانی میں پولنگ کا عمل انجام دیا جائے گا۔ووٹروں کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں پر سایہ دار شامیانے، پینے کے پانی، معمر اور معذور ووٹروں کے لیے ڈولی اور وہیل چیئر کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہر پولنگ مرکز پر ابتدائی طبی امداد کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور الیکشن افسر کے دفاتر میں ایمبولینس سمیت میڈیکل ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: لازمی ٹی ای ٹی سے ۹۰؍فیصد اساتذہ کوتشویش

مسلم اکثریتی علاقوں میں پردہ نشین خواتین ووٹروں کی شناخت کیلئے۳۵۰؍ خواتین ملازمین کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ضابطہ ٔ اخلاق پر عمل درآمد کے تحت ایڈیشنل میونسپل کمشنر و نوڈل افسر وِٹھل ڈاگے کی رہنمائی میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک دو کارروائیوں میں ۱۲؍ لاکھ۶۵؍ ہزار روپے نقد ضبط کیے جا چکے ہیں اور ضابطہ ٔ اخلاق کی خلاف ورزی  کے ۶؍ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ریلوے پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ، گفتگو اور مسائل کے حل پر رہنمائی کی گئی

انتخابی عملے کی تیاری کیلئے دوسرے ایڈیشنل کمشنر و سربراہ انسانی وسائل نینا سسانے اور ڈپٹی کمشنر (الیکشن) وکرم دراڈے کی نگرانی میں ۴۵۰۰؍ ملازمین کو دو مرحلوں میں تربیت دی گئی۔ غیر حاضر ملازمین کو نوٹس جاری کرنے کے بعد حاضری میں بہتری دیکھی گئی۔ دیگر شہروں سے آنے وا لی۲۶۸؍ خواتین ملازمین کے قیام کا انتظام بھی انتظامیہ نے کیا ہے۔ خصوصی پولنگ اسٹیشن خواتین ووٹروں کی حوصلہ افزائی کے لیے غیبی نگر میں واقع میونسپل اسکول نمبر۲۲/۶۲؍ میں ’پنک بوتھ‘ جبکہ گوپال نگر کے ڈانڈیکر اسکول میں ’ماڈل بوتھ‘ قائم کیا جائے گا۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں، کیونکہ ہر ووٹ شہر کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے اہم ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK