دادر کےشیواجی پارک میں جین زی کی فتح کے جشن کی ریلی میں ادھو ٹھاکرے نے مرکزی حکومت پرشدید تنقید کی۔ ممبئی کے مختلف علاقوں سے نوجوان اور سرپرست جشن میں پہنچے۔
EPAPER
Updated: July 27, 2026, 11:03 AM IST | Iqbal Ansari | Dadar
دادر کےشیواجی پارک میں جین زی کی فتح کے جشن کی ریلی میں ادھو ٹھاکرے نے مرکزی حکومت پرشدید تنقید کی۔ ممبئی کے مختلف علاقوں سے نوجوان اور سرپرست جشن میں پہنچے۔
نیٹ پیپرلیک کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ دینے اور دہلی کے جنتر منتر پر نوجوانوں کے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کے بعد سنیچر ہی سے جشن منانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ شیو سینا ( ادھو) کے سربرا ہ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے کی جانب سے اتوار کو دادر میں واقع شیواجی پارک میں بھی جین زی کی فتح کا جشن منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔
راج ٹھاکرے کا مختصر خطاب
’’ ملک کے سبھی طلبہ کا خیر مقدم‘‘ کے بینر تلے منعقد کئے گئے اس جشن میں راج ٹھاکرے نے مختصراً خطاب کیاا ور انہوں نے پیپر لیک ہونے پر خودکشی کرنے والے ۲۱؍ طلبہ کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ ادھو ٹھاکرے نے اپنے چند منٹ کے خطاب میں مودی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہاکہ ’’یہ جین زی کی فتح ہے۔ یہ ’اندھ بھکتوں‘کے خلاف ’دیش بھکتوں‘ کی فتح ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گھاٹ سیکشن پر حالات اب بھی معمول پر نہیں آئے۔ کئی ٹرینیں۲۸؍ جولائی تک منسوخ
اس جشن میں ممبئی کے مختلف علاقوں سے طلبہ اور سرپرستوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے انداز میں اپنے خیالات کااظہار کیا ۔ سبھی نے جنتر منتر پر طلبہ پر کئے گئے پولیس کے ظلم کی سخت لفظوں میں مذمت کی۔چونکہ ریلی میں کسی سیاسی پارٹی کا جھنڈا نہیں لگا تھا، اس لئے اسٹیج پر این سی پی (شرد) کے لیڈر روہت پوار اور دیگر پارٹیوں کے لیڈر بھی نظر آئے۔ اس ریلی کے لئے تعاون دینے پر ٹھاکرے بردران نے ممبئی پولیس کی ستائش کی اور ریلی کے ختم ہونے کے اعلان پر شرکاء سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ لڑکیوں اور خواتین کا احترام کرتے ہوئے اپنے اپنے گھر لوٹیں۔
خودکشی کرنے والےطلبہ کے نام سنائے گئے
جشن کی اس تقریب میں راج ٹھاکرے نے کہاکہ ’’جین زی نے اس حکومت کو گھٹنوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے لیکن نیٹ پیپر لیک ہونے پر ۲۱؍ طلبہ نے خودکشی کی ،ہےیہ افسوسناک ہے۔‘‘ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے نے ان طلبہ کے نام پڑھ کر سنائے جنہوںنے خودکشی کی ہے۔ بعدازاں راج ٹھاکرے نے کہا کہ ہم جین زی کی فتح کا جشن تو منائیں گے ہی لیکن پہلے ایک منٹ خاموش رہ کر ان طلبہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔
ادھوٹھاکرےنے کیا کہا ؟
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ آج کوئی الیکشن کسی نے نہیںجیتا ہے لیکن اندھ بھکت کے خلاف دیش بھکت جیتے ہیں اور تحریک کی شروعات ہوئی ہے۔یہ تحریک بی جے پی بمقابلہ ہندوستان ہے اور اس لئے اس تحریک میں ہم سب لوگ ذات ، پات اور مذہب کی تفریق بھلا کر’ مَیں ہندوستانی اور دیش بھکت ہوں‘ اس جذبہ کے ساتھ کام کریں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایف ڈی اے کے ذریعے ضبط شدہ ملاوٹی دودھ میں ڈٹرجنٹ پایا گیا
سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ مودی جی ، اب تو ملک پر توجہ دیں۔آپ کے وزیراپنا کام چھوڑ کر دوسری پارٹیوں کو پھوڑنے میں مصروف ہیں۔ ان سے کہیئے ملک کا کام کیجئے۔کیونکہ وزیر مالیات نرملا سیتا رمن روپے کی گرتی ہوئی قدروں اور بڑھتی مہنگائی پر نہیں بولتیں لیکن پیپر لیک ہونے پر صفائی دیتی ہیں۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ دھرمیندر پردھان کی تحفظ میں آگے آئے ہیں۔‘‘
اس جشن کی تقریب میں قومی ترانہ’ جن گن‘ .. گانے کے بعد وندے ماترم اور بھارت ماتا کی جے کے نعرے لگائے گئے۔ ماں تجھے سلام اور ’سب سے آگے ہوں گے ہندوستانی‘ جیسے گیت بجائے گئے اور اس کے ساتھ ہی شرکا ءسے اپنے اپنے گھر لوٹنے کی اپیل کی گئی ۔