• Mon, 12 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: غیر قانونی بوٹلنگ پلانٹس کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Updated: October 12, 2026, 11:05 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

پانی کی چوری روکنے کے لئے رکن اسمبلی کا ایک ماہ کا الٹی میٹم،کارروائی نہ ہونے پر شدید احتجاج کی وارننگ۔

MLA Rais Shaikh handing over a memorandum to Municipal Commissioner Anmol Sagar. Photo: INN
رکن اسمبلی رئیس شیخ میونسپل کمشنر انمول ساگر کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہر میں پانی کی چوری اور غیر قانونی استعمال پر روک لگانے کے لئے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے میونسپل انتظامیہ کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دیا ہے۔ انہوں نے شہر میں مبینہ طور پر چل رہے ۷۰؍غیر قانونی بوٹلنگ پلانٹس کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے میونسپل کمشنر انمول ساگر کو میمورنڈم پیش کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایک ماہ میں پانی کی چوری پر قابو نہیں پایا گیا تو شدید احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

پریس کانفرنس میں رئیس شیخ نے الزام لگایا کہ شہر میں روزانہ لاکھوں لیٹر پانی کی چوری کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی بوٹلنگ پلانٹس کے علاوہ سائزنگ، ڈائنگ یونٹوں اور سروس سینٹروں میں بھی بڑے پیمانے پر پانی کا مبینہ طور پر غیر قانونی طریقوں سے استعمال ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان۔ شیل پھاٹاروڈ پر شدید ٹریفک جام سے دشواری

غیر قانونی نل کنکشنوں کے ذریعے پانی حاصل کئے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں خشک سالی کے خدشات اور مستقبل میں پانی کی قلت کے امکان کو دیکھتے ہوئے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ اگر پانی کی چوری اور اس کے غیر قانونی استعمال پر بروقت روک نہیں لگائی گئی تو عام شہریوں کو شدید قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی بوٹلنگ پلانٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، پانی کے ناجائز استعمال کو روکا جائے اور پائپ لائنوں میں ہونے والے رساؤ کو بند کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں دستیاب پانی کی مناسب اور یکساں تقسیم کے لئے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے، تاکہ شہریوں کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم ہو سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ میونسپل انتظامیہ کو ایک ماہ کے اندر پانی کی چوری روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، بصورت دیگر اس کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK