شیواجی پارک میں احتجاج سے روکنے پر رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے اور امیت ٹھاکرے سخت برہم۔ ایم این ایس کے سینئرلیڈر نے آج سے احتجاج کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: October 12, 2026, 11:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
شیواجی پارک میں احتجاج سے روکنے پر رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے اور امیت ٹھاکرے سخت برہم۔ ایم این ایس کے سینئرلیڈر نے آج سے احتجاج کا اعلان کیا۔
ایس آئی آر کے خلاف اور چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے پر اب ریاست گیر احتجاج کا اعلان شیو سینا (یوبی ٹی) کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس) کے لیڈر سندیپ دیشپانڈے نے کیا ہے۔ اتوار کو کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے حامیوں کو ممبئی پولیس نے شیواجی پارک میں احتجاج کرنے نہیں دیا تھا اور شیواجی پارک کوپولیس چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا ۔ پولیس کے اس رویے سے ناراض آدتیہ ٹھاکرے اور امیت ٹھاکرے وہاں پہنچے اور اعلان کیا کہ بر سر ارقتدار پارٹیوں کے لیڈران اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پولیس کو آگے لاکر اپنی من مانی کرسکیں گے تو وہ غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔ اتوار کو پولیس نے جن مظاہرین کو حراست میںلیا ، اس کے خلاف پیر (آج) سے پوری ریاست میں احتجا ج کیاجائے گا ۔ اس احتجاج کو سبھی اپوزیشن پارٹیوں اور آئین بچانے والوں کی حمایت حاصل ہوگی۔ انہوں نے مظاہرین پر پولیس کے جبر کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ’’ پولیس اہلکاروں نے بہت بری طرح سے نوجوانوں اور مظاہرین کی دھکڑ پکڑ کی ہے جس کے سبب متعدد مظاہرین کے کپڑے بھی پھٹ گئے ۔‘‘
’’ہندوستان کے شہری اب خاموش نہیں بیٹھیں گے ‘‘
رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ یہ احتجاجی مظاہرے انڈیا اسٹائل میں کئے جائیں گے اور یہ دیش دروہی بی جے پی بمقابلہ بھارت مظاہرے ہوں گے۔ جن شہریوں کویہ لگتا ہے کہ گیانیش کمار نے ووٹ چوری کی ہے اور بی جےپی آمریت اور ہٹلر شاہی قائم کرنا چاہتی ہےتو وہ تمام افراد اس مظاہرے میں شرکت کریں گے ۔اب ریاست اور ہندوستان کے شہری خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہیومن رائٹ کمیشن نے بھی پُر امن مظاہرہ کرنے والوں پر پولیس کے جبر کا نوٹس لیا ہے اور اس رویے کی مذمت کی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اکولہ : ۴؍ منزلہ عمارت منہدم، ملبہ تلے دبی ۴؍لڑکیوں کو بچالیا گیا
ایم این ایس بھی سڑکوں پر اترے گی
ایس آئی آر کے خلاف اور گیانیش کمار کےا ستعفیٰ کیلئے مہاراشٹر نو نرمان سینا ( ایم این ایس )نے بھی پیر(آج) سے سڑکوں پر اترنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر سندیپ دیشپانڈے نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’پورے ہفتے مہاراشٹر کے عوام سڑکوں پر نظر آئیں گے۔ اس کیلئے ہمیں جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں، جو کرنا ہے کرلیں۔ اگر آج ہم نے آواز نہیں اٹھائی تو آنے والی نسل ہم سے پوچھے گی کہ جب جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا تھا تب آپ کہاں تھے؟‘‘
ہفتہ بھر کیلئے تحریک کا آغاز پیر (آج)کو دستخطی مہم سے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’’ یہ مہم صرف ممبئی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ریاست کے ہر ضلع میں چلائی جائے گی۔‘‘ایم این ایس لیڈر نے مزید کہا کہ ’’ یہ صرف ہماری پارٹی کی تحریک نہیں ہے، جمہوریت بچانے کی اس جدوجہد میں سب لوگ شامل ہوں۔ ہمیں کتنے دن حراست میں رکھیں گے؟ حکومت کو جو کرنا ہے کرے، ہم وہی کریں گے جو ہمیں کرنا ہے۔‘‘
دہلی میں ابھیجیت دپکے کی گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے سندیپ دیشپانڈے نے کہا کہ ’’ آخر کتنے دن تک عوام کی آواز دبائی جا سکتی ہے؟آج آپ ہماری آواز دبائیں گے تو ہم کل پھر آواز اٹھائیں گے۔ ہمیں روز پولیس نظر آتی ہے اور ہم بھی پولیس کو دیکھتے ہیں، حکومت کو جو کرنا ہے، کرلے۔‘‘