Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : بیسٹ کی طرز پر بجلی سپلائی میونسپل کارپوریشن کے سپرد کرنے کا مطالبہ

Updated: July 22, 2026, 11:29 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

میئر، ڈپٹی میئر، سابق میئر اور تمام پارٹیوں کے گروپ لیڈروں کو میمورنڈم۔ پاورلوم صنعت اورصارفین کو راحت دینے کی اپیل۔

Powerloom organization officials giving a memorandum to Mayor Narayan Chaudhary. (Photo: Inquilab)
پاورلوم تنظیم کے عہدیداران میئر نارائن چودھری کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔ (تصو یر: انقلاب)

پاورلوم صنعت کے شہر بھیونڈی میں بجلی کے بڑھتے نرخوں کے خلاف آواز بلند کی جارہی ہے۔ بھیونڈی پاورلوم مزدوری بیم ویورس اینڈ اونرس اسوسی ایشن نے میئر نارائن چودھری، ڈپٹی میئر طارق مومن، سابق میئر جاوید دلوی ،ولاس پاٹل اور میونسپل کارپوریشن میں تمام سیاسی جماعتوں کے گروپ لیڈروں کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ممبئی کی ’بیسٹ ‘ کے طرز پر بھیونڈی سرکل میں بجلی سپلائی کا اختیار میونسپل کارپوریشن کو دلانے کیلئے جنرل باڈی میں فوری قرارداد منظور کریں  تاکہ شہریوں اور پاورلوم صنعت کو کم نرخ پر بجلی فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھئے: پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کا احتجاج، کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

اسوسی ایشن کے صدر تروپتی سری پورم کی جانب سے پیش کئے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ بجلی ایکٹ۲۰۰۳ء کے تحت مقامی خود مختار اداروں کو بجلی کی تقسیم اور سپلائی کا اختیار حاصل کرنے کی قانونی گنجائش موجود ہے۔ اسی بنیاد پر بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن بھی بجلی سپلائی کا نظام سنبھال سکتی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اگر اس سلسلے میں میونسپل جنرل باڈی سے قرارداد منظور کرکے ریاستی حکومت، محکمہ توانائی اور مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن (ایم ای آر سی ) کو بھیجی جائے تو اس سمت میں عملی پیش رفت ممکن ہے ۔ میمورنڈم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس وقت بھیونڈی میں ٹورینٹ پاور کے بجلی نرخ ٹاٹا پاور، بیسٹ پاور اور اڈانی پاور کے مقابلے میں فی یونٹ ۴؍ سے ۷؍ روپے تک زیادہ ہیں۔ تنظیم نے مختلف کمپنیوں کے نرخوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا ہے اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعے بجلی سپلائی کا نظام نافذ ہونے سے عام صارفین اور پاورلوم صنعت دونوں کو بڑا  کافی راحت ملے گا۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی میں طلبہ پر پولیس کارروائی کی عدالتی نگرانی میں جانچ کا مطالبہ

میمورنڈم میں ممبئی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جس طرح برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے تحت بیسٹ شہریوں کو بجلی فراہم کر رہی ہے، اسی طرز پر بھیونڈی میونسپل کارپوریشن بھی بجلی کی تقسیم کا نظام سنبھال سکتی ہے۔ تنظیم کے مطابق اس اقدام سے بھیونڈی کی معیشت کو نئی توانائی ملے گی اور برسوں سے مہنگی بجلی کا بوجھ برداشت کرنے والے لاکھوں صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK