مہاراشٹر راجیہ شکشن کرانتی سنگٹھن نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے مطالبہ کیا ہے کہ ۵؍ ستمبر کو یومِ اساتذہ سے قبل پرانی پنشن اسکیم نافذ کی جائے۔
EPAPER
Updated: August 10, 2026, 1:08 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
مہاراشٹر راجیہ شکشن کرانتی سنگٹھن نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے مطالبہ کیا ہے کہ ۵؍ ستمبر کو یومِ اساتذہ سے قبل پرانی پنشن اسکیم نافذ کی جائے۔
مہاراشٹر راجیہ شکشن کرانتی سنگٹھن نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے مطالبہ کیا ہے کہ ۵؍ ستمبر کو یومِ اساتذہ سے قبل پرانی پنشن اسکیم نافذ کی جائے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ یکم نومبر ۲۰۰۵ءسے پہلے بغیر امداد اور مرحلہ وار امداد کی بنیاد پر مقرر کئے گئے اساتذہ اور اسکولی ملازمین کو بھی پرانی پنشن اسکیم کا فائدہ دینے کا اعلان کیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: تفریح کیلئے ممبئی جانے والا نوجوان ٹرین سے گر کر جاں بحق
سنگٹھن کے ریاستی صدر سدھیر گھاگس نے وزیر اعلیٰ کو روانہ کئے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ یکم نومبر ۲۰۰۵ءسے نافذ ڈی سی پی ایس نظام کے سبب ہزاروں اساتذہ اور ملازمین کا مستقبل غیر یقینی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر ۲۰۰۵ء سے قبل مشتہر آسامیوں پر مقرر کئے گئے ملازمین کو پرانی پنشن اسکیم کا فائدہ دیا گیا لیکن اسی مدت میں بغیر امداد یا مرحلہ وار امداد کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے والے اساتذہ کو ڈی سی پی ایس یا این پی ایس کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔گھاگس کے مطابق ایک ہی دور میں مقرر کئےگئے ملازمین کے ساتھ پنشن کے معاملے میں مختلف رویہ اختیار کرنا مساوات اور انصاف کے اصول کے خلاف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اساتذہ اور اسکولی ملازمین کے معاملے پر ہمدردانہ اور منصفانہ غور کرتے ہوئے یومِ اساتذہ سے قبل پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ ریاست کے ہزاروں اساتذہ اور ملازمین کے مستقبل کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ہی تعلیمی شعبے کے لئے ایک تاریخی قدم ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’یو سی سی کے تعلق سے دیگر کمیونٹی سے رابطہ اشد ضروری ہے‘‘
مکتوب میں وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ریاست میں جاری ترقیاتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کی طرز پر اسکولی ملازمین کو بھی پرانی پنشن اسکیم کا فائدہ دینے کے سلسلے میں مثبت فیصلہ کریگی۔