سونیا گاندھی کی نئی یادداشت ’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں۲۱؍ مئی ۱۹۹۱ء کے اس المناک دن کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جب پرینکا گاندھی نے اپنی والدہ کو فون پر دھماکے کی اطلاع دی اور پھر کچھ دیر بعد آکر کہا، ’’پاپا اب نہیں رہے۔‘‘
EPAPER
Updated: November 11, 2026, 1:04 PM IST | New Delhi
سونیا گاندھی کی نئی یادداشت ’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں۲۱؍ مئی ۱۹۹۱ء کے اس المناک دن کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جب پرینکا گاندھی نے اپنی والدہ کو فون پر دھماکے کی اطلاع دی اور پھر کچھ دیر بعد آکر کہا، ’’پاپا اب نہیں رہے۔‘‘
کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے اپنی نئی یادداشت میں شوہر اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل سے جڑے ان لمحات کو بیان کیا ہے جن کی تفصیل انہوں نے کئی دہائیوں تک نجی رکھی۔ ان کے مطابق۲۱؍ مئی۱۹۹۱ءء کی رات جب تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں خودکش بم دھماکے میں راجیو گاندھی ہلاک ہوئے تو اس کی پہلی اطلاع ان کی بیٹی پرینکا گاندھی کو فون پر ملی تھی۔ پرینکا نے پہلے اپنی والدہ کو بتایا کہ دھماکے میں راجیو کے آس پاس موجود۱۲؍ افراد کی موت کی خبر ہے، لیکن کہا جارہا ہے کہ ان کے والد محفوظ ہیں۔ کچھ دیر بعد وہ واپس آئیں تو ان کے چہرے کے تاثرات نے سونیا کو آنے والے صدمے کا احساس دلا دیا۔ پھر انہوں نے صرف اتنا کہا: ’’پاپا اب نہیں رہے۔‘‘سونیا گاندھی کی یہ یادداشت ’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘ (Belonging: A Journey of Love) آج۱۰؍ نومبر کو ہارپر کولنز انڈیا کے ذریعے شائع ہوئی ہے۔ اس میں انہوں نے اپنی زندگی، خاندان، ہندوستان آمد، سیاست میں غیر متوقع داخلے اور ذاتی صدمات کا ذکر کیا ہے۔ راجیو گاندھی کے قتل کا باب ان کی زندگی کے سب سے دردناک واقعات میں سے ایک ہے۔ ان کے بیان کے مطابق اس روز گھر میں معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ پرینکا اپنی سہیلی کی سالگرہ کی تقریب میں جانے کے لیے تیار ہو رہی تھیں، جب کہ ان کے بیٹے راہل گاندھی امریکہ میں کالج کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: پونے سے ناگپور تک ’آئین لانگ مارچ‘ نکالنے کا اعلان
سونیا لکھتی ہیں کہ پرینکا کو فون پر اطلاع ملی تھی کہ مدراس، جسے اب چنئی کہا جاتا ہے، میں ایک بم دھماکا ہوا ہے اور راجیو گاندھی کے قریب موجود۱۲؍ افراد ہلاک ہوگئے ہیں، تاہم انہیں بتایا گیا کہ راجیو محفوظ ہیں۔ پرینکا نے اپنی والدہ سے کہا کہ اگر اتنے لوگ ہلاک ہوئے ہیں تو ان کے والد ضرور زخمی ہوئے ہوں گے اور انہیں اسپتال میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سونیا سے کہا کہ وہ مدراس جانے کے لیے تیار ہوجائیں۔ پرینکا نے اس کے بعد راجیو کے ذاتی سیکریٹری ونسنٹ جارج سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اپنی والدہ کو بتایا کہ جارج نے معلومات حاصل کرکے فون کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن نہ تو ان کا فون آرہا ہے اور نہ ہی وہ کال اٹھا رہے ہیں۔ پرینکا خود بھی صورت حال معلوم کرنے کے لیے دفتر گئیں۔ کچھ دیر بعد جب وہ واپس لوٹیں تو سونیا نے ان کے چہرے پر ایک ایسی کیفیت دیکھی جس سے انہیں حقیقت کا اندازہ ہوگیا۔ سونیا کے الفاظ میں، ’’میں نے ان کے چہرے پر ایک ایسی قطعیت دیکھی جسے میں فوراً پہچان گئی۔‘‘ اس کے بعد پرینکا نے اپنی ماں سے کہا، ’’پاپا اب نہیں رہے۔‘‘ سونیا نے لکھا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی بانہوں میں ڈھیر ہوگئیں اور بار بار کہتی رہیں، ’’مجھے ان کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔ میں ان کے ساتھ کیوں نہیں گئی؟‘‘ اس کے باوجود وہ آخری لمحے تک اس خبر پر یقین کرنے سے قاصر تھیں۔ انہوں نے خود ونسنٹ جارج کو فون کیا اور پوچھا کہ کیا یہ خبر سچ ہے؟ دوسری طرف سے جواب ملا، ’’جی ہاں، یہ سچ ہے، صاحب اب نہیں رہے۔‘‘ سونیا کے مطابق اس لمحے انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے ان کی پوری دنیا تاریکی میں ڈوب گئی ہو اور وہ تاریکی انہیں اپنے اندر نگل گئی ہو۔
راجیو گاندھی۲۱؍ مئی۱۹۹۱ءء کو تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں انتخابی مہم کے دوران ایک خودکش حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔ حملہ آور خاتون نے انہیں پھولوں کا ہار پہنانے کے بہانے قریب پہنچ کر اپنے جسم سے بندھے دھماکا خیز مواد کو اڑا دیا تھا۔ اس حملے میں راجیو گاندھی کے علاوہ ان کے آس پاس موجود۱۴؍ دیگر افراد بھی مارے گئے تھے۔ اس قتل کی ذمہ داری سری لنکا کی علیحدگی پسند تنظیم لبریشن ٹائیگرز آف تمل ایلم (ایل ٹی ٹی ای) سے وابستہ خودکش حملہ آور پر عائد ہوئی تھی۔ تنظیم کی جانب سے یہ کارروائی سری لنکا میں ہندوستانی امن فوج بھیجنے کے راجیو گاندھی کے فیصلے کے پس منظر میں کی گئی تھی۔سونیا نے اپنی یادداشت میں راجیو کی سیکوریٹی سے متعلق خدشات کا بھی ذکر کیا ہے۔ ان کے مطابق راجیو کی خصوصی حفاظتی دستے ایس پی جی کی سیکوریٹی سابق وزیر اعظم وی پی سنگھ کی حکومت نے واپس لے لی تھی، حالاں کہ ایک کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ کسی نئے خطرے کے جائزے کے بغیر یہ تحفظ جاری رہنا چاہیے۔ سونیا کا کہنا ہے کہ اس سفارش کے باوجود کوئی نیا جائزہ نہیں لیا گیا اور ایس پی جی کی تربیت یافتہ حفاظتی ٹیم کی جگہ مقامی پولیس نے لے لی۔ ان کے بیان کے مطابق راجیو کے قتل سے کچھ عرصہ پہلے ان کے بیٹے راہل نے بھی والد کی سیکوریٹی پر تشویش ظاہر کی تھی۔یادداشت کے ایک اور انکشاف میں سونیا نے بتایا ہے کہ راجیو کی موت سے تقریباً دو ماہ قبل راہل نے ان سے کہا تھا، ’’اگر پاپا کی سیکوریٹی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا تو مجھے جلد ہی ان کے جنازے میں شرکت کے لیے واپس آنا پڑے گا۔‘‘ راہل اس وقت اپنے والد کے ساتھ انتخابی دورے پر تھے۔ سونیا کے مطابق بیٹے نے یہ بات اپنے والد کی حفاظت کے بارے میں شدید تشویش کے باعث کہی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: گوکل یونین معاملہ: حکومتی اقدام کے خلاف کولہاپور میں زبردست احتجاج
بعد ازاں سونیا گاندھی کی یہ کتاب محض سیاسی واقعات کا احوال نہیں بلکہ ان کے بقول ایک ذاتی یادداشت ہے، جس میں وہ اپنے خاندان کو اپنی نگاہ سے پیش کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کتاب کے تعارف میں کہا ہے کہ ان کے خاندان کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا، لیکن اکثر ان افراد کے محرکات، جدوجہد، کمزوریوں اور انسانی پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ راجیو کے قتل سے متعلق یہ یادیں اسی کوشش کا حصہ ہیں، جن میں ایک سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کے بجائے ایک بیوی اور ماں کے ذاتی صدمے کو مرکز میں رکھا گیا ہے۔