۳؍ امیدواروں کے ناموں پر کانگریس صدر عابد خان کا اعتراض،۱۴؍ اکتوبرکا انتخاب۱۵؍دن ملتوی کرنے کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: October 13, 2026, 1:25 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۳؍ امیدواروں کے ناموں پر کانگریس صدر عابد خان کا اعتراض،۱۴؍ اکتوبرکا انتخاب۱۵؍دن ملتوی کرنے کا مطالبہ۔
میونسپل کارپوریشن میں۹؍نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب پر کانگریس کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔۱۴؍ اکتوبر کو ہونے والے انتخاب سے قبل بھیونڈی شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر عابد منصف خان نے تین مجوزہ امیدواروں کے ناموں اور ان کی پارٹی رکنیت پر اعتراض کرتے ہوئے انتخابی عمل کم از کم ۱۵؍ دن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال، میئر نارائن چودھری ، میونسپل کمشنر انمول ساگر اور ڈپٹی میئر و کانگریس گروپ لیڈر طارق مومن کو الگ الگ مکتوبات روانہ کیے ہیں۔
عابد خان نے اپنے خطوط میں سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ نامزد کارپوریٹروں کے لیے تجویز کردہ تین امیدواروں کے نام ضلع کانگریس کمیٹی کی منظوری کے بغیر آگے بڑھائے گئے ہیں ۔ ان کے مطابق، ان ناموں کو مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کو بھیجی گئی منظور شدہ فہرست میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس طریقۂ کار پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتخاب سے قبل امیدواروں کے ناموں کی جانچ کی جائے اور پارٹی کی قانونی قیادت کی منظوری کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: پونے : ایم پی ایس سی احتجاج میں شدت لانے کا روہت پوار کا انتباہ
تین امیدواروں کی رکنیت پر بھی سوال
کانگریس صدر عابد خان نے اپنے مکتوبات میں عمران محمد حدیث انصاری، عرفات اے شیخ اور سلیم احمد شیخ کے ناموں کا ذکر کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ نام پارٹی کی منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں ہیں اور متعلقہ امیدواروں کی کانگریس رکنیت کے بارے میں بھی وضاحت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب میں ضلع کانگریس کمیٹی اور پردیش کانگریس کمیٹی کی منظوری سے طے شدہ امید وارو ں ہی پر غور کیا جائے۔عابد خان کے مطابق، پارٹی کے مقررہ طریقۂ کار پر عمل کرنا تنظیمی نظم و ضبط بر قرار رکھنے اور پارٹی کیلئے کام کرنے والے کارکنوں کو نمائندگی دینے کیلئے ضروری ہے۔ تاہم، تینوں امیدواروں کی رکنیت اور ان کے ناموں کی منظوری سے متعلق ان کے دعوؤں کی آزادانہ سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
انتخاب ملتوی کرنے پر زور
عابد خان نے انتخاب کم از کم۱۵؍ دن ملتوی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران امیدواروں کے ناموں کی سرکاری فہرست سے تصدیق اور پارٹی کے اندر پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کیا جاسکتا ہے۔