Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ایک ہی شب میں دو جگہوں پر آتشزدگی

Updated: June 29, 2026, 12:26 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ٹائر، پلاسٹک اور لکڑی کے متعدد گودام خاکستر،کوئی جانی نقصان نہیں، تحقیقات جاری۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یہاں شہر سے متصل صنعتی و دیہی علاقے میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب پیش آنے والے دو الگ الگ آتشزدگی کے واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی۔ نمبولی اور یوئی گاؤں کی حدود میں لگی بھیانک آگ کے سبب ٹائر، پلاسٹک اور لکڑی کے متعدد گودام مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔ اگرچہ دونوں واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم بھاری مالی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پہلا واقعہ بھیونڈی دیہی علاقے کے نمبولی گاؤں میں رات تقریباً تین بجے پیش آیا، جہاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ٹائروں کے ایک گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ٹائروں میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدید اور خطرناک صورت اختیار کر لی اور اس کی زد میں قریبی لکڑی اور پلاسٹک کے گودام بھی آ گئے۔ آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مجموعی طور پر۷؍ سے۸؍ گودام چند ہی لمحوں میں شعلوں کی نذر ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ جائے وقوع کے قریب گیس ایجنسی واقع ہونے کے باعث مقامی افراد اور انتظامیہ میں کچھ وقت کے لیے شدید تشویش اور خوف کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی، تاہم فائر بریگیڈ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اسی رات شہر سے ملحق گودام کے علاقے یوئی گاؤں میں واقع لکڑی کے ایک بڑے گودام میں بھی اچانک آگ لگ گئی۔ گودام میں بڑی مقدار میں لکڑی ذخیرہ ہونے کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پورے احاطے کو اپنی زد میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مکمل گودام خاکستر ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا، تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق لاکھوں روپے کی املاک اور سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ فائر بریگیڈ اور متعلقہ حکام نے دونوں مقامات پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK