متاثرین کی تعداد۱۳۰؍ ہوگئی۔۱۰۷؍ زیرعلاج۔۲۳؍ مریض اسپتال سےرخصت ۔میونسپل کارپوریشن کی انہدامی کارروائی مگر اس کی کارکردگی پر سوال کیا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 11:41 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
متاثرین کی تعداد۱۳۰؍ ہوگئی۔۱۰۷؍ زیرعلاج۔۲۳؍ مریض اسپتال سےرخصت ۔میونسپل کارپوریشن کی انہدامی کارروائی مگر اس کی کارکردگی پر سوال کیا جارہا ہے۔
شہر میں چکن شورما کھانے سے غذائی سمّیت کا معاملہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ ونجار پٹی ناکہ کے قریب واقع ’اے کے شورما‘ سے چکن شورما کھانے کے بعد بیمار ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر۱۳۰؍ ہوگئی ہے۔ متاثرین میں۶۴؍ مرد، ۳۹؍ خواتین اور۲۷؍ بچے شامل ہیں۔ ان میں سے۲۳؍ مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے رخصت کردیا گیا ہے جبکہ۱۰۷؍ مریضوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔۲؍ خواتین اور۲؍ بچوں کو مزید بہتر علاج کیلئے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام مریضوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مذکورہ دکان پر ۱۰، ۲۰، ۳۰؍ اور ۵۰؍ روپے میں چکن شورما فروخت کیا جارہا تھا۔ اسے کھانے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کے لوگوں کوقے، دست، پیٹ میں درد اور بخار جیسی شکایات ہونے لگیں جس کے بعد انہیں اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث محکمہ صحت اور شہری انتظامیہ بھی نیندسے بیدار ہوگیا اور معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اقدامات کررہا ہے۔
واقعے کے بعد نظام پورہ پولیس نے ’اے کے شورما‘ کے دکاندار کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔ پولیس نے اس بارے میں بتایا کہ ملزم فی الحال فرار ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ شورما میں استعمال ہونے والے اجزاء اور غذائی اشیاء کو محفوظ رکھنے کے طریقوں کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:پارلیمانی حد بندی بل کابینہ میں منظو، اپوزیشن الرٹ
قابل ذکر ہے کہ بھیونڈی میں شورما سے غذائی سمّیت کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جون میں کھنڈوپاڑہ کے ایک شورما سینٹر سے کھانا کھانے کے بعد۱۰۷؍ افراد بیمار ہوگئے تھے۔ چند ماہ کے وقفے سے پیش آنے والے ان واقعات نے شہر میں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار، صاف صفائی اور فوڈ سیفٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
دوسری جانب میونسپل کمشنر انمول ساگر کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے کھانے پینے کے غیر قانونی اسٹالوں اور سڑک کنارے دکانوں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کردی ہےجبکہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے بھی اس کی جانچ کی جارہی ہے۔ تاہم مسلسل سامنے آنے والے ایسے واقعات نے یہ سوال پیدا کردیا ہے کہ شہر میں غذائی اشیاء کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مستقل نگرانی کا نظام آخر کب موثرہوگا؟
کانگریسی لیڈر اقبال صدیقی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ بھیونڈی میں شورما سے غذائی سمّیت کے متاثرین کی تعداد۱۳۰؍ تک پہنچنا انتہائی تشویشناک اور میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ چند ماہ قبل بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا لیکن اس سے کوئی سبق نہیں لیا گیا۔ آخر غذائی اشیاء کے معیار اور صاف صفائی کی نگرانی کی ذمہ داری کس کی ہے؟ صرف حادثے کے بعد غریب دکانداروں کے اسٹال توڑنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو ان دکانوں کی باقاعدہ جانچ اور فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا چاہئے۔ متاثرہ مریضوں کے علاج کا مکمل خرچ انتظامیہ برداشت کرے اور لاپروائی کے ذمہ دار افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔‘‘
’’ایسی کارروائی ہو جو دوسروں کیلئے سبق بن جائے‘‘
کانگریسی لیڈر اور کلیان روڈ کے سماجی کارکن تاج محمد خان نے کہا کہ’’ شہر میں شورما سے غذائی سمّیت کے متاثرین کی تعداد۱۳۰؍ تک پہنچنا شہر کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ بیمار ہونے کے بعد بھی کیا ہماری غذاکی نگرانی کا نظام صرف کاغذوں پر چل رہا ہے؟ چند روپے سستا کھانا فروخت کرنے کی دوڑ میں اگر شہریوں کی جان خطرے میں پڑ رہی ہے تو اس کیلئے محض دکاندار ہی نہیں بلکہ نگرانی کا پورا نظام بھی جوابدہ ہے۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ ہر کھانے پینے کے مرکز کا رجسٹریشن، لائسنس، باورچی خانے کی صاف صفائی اور استعمال ہونے والے گوشت کے معیار کی جانچ لازمی بنائے ساتھ ہی سستے کھانے کے نام پر شہریوں کو غیر محفوظ کھانا فروخت کرنے والوں کے خلاف ایسی کارروائی ہو جو دوسروں کیلئے سبق بن جائے۔‘‘