شہر میں بڑھتی گندگی اور سڑکوں پر اُڑتی دھول سے شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے صفائی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 10:43 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
شہر میں بڑھتی گندگی اور سڑکوں پر اُڑتی دھول سے شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے صفائی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
شہر میں بڑھتی گندگی اور سڑکوں پر اُڑتی دھول سے شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے صفائی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے فنڈ سے خریدی گئی ۲؍مکانیکل سویپنگ مشین( جھاڑو لگانے والی گاڑیوں) کو باضابطہ طور پر صفائی محکمہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا، جن کا افتتاح میئر نارائن چودھری نے میونسپل کمشنر انمول ساگر اور ڈپٹی میئر طارق مومن کی موجودگی میں کیا۔
ڈپٹی میئر طارق مومن نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ان جدید گاڑیوں کے ذریعے شہر کی آر سی سی سڑکوں کی صفائی زیادہ مؤثر اور تیز رفتار انداز میں ممکن ہو سکے گی، جس سے نہ صرف دھول اور مٹی میں کمی آئے گی بلکہ فضائی آلودگی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: فائر سروس ڈے اور آگ سے تحفظ کے ہفتے کے تحت بیداری مہم
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے بتایا کہ صفائی بیڑے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مجموعی طور پر ۷؍مکانیکل سویپنگ مشین شامل کی جا رہی ہیں۔ ان میں ۳؍ گاڑیاں مرکزی حکومت کے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت جبکہ ۴؍ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ مزید ۵؍ گاڑیوں کو آئندہ ماہ تک بیڑے میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔
میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو صاف رکھنے میں تعاون کریں، خاص طور پر گیلا اور خشک کچرا الگ الگ جمع کرکے ہی گھنٹہ گاڑی میں ڈالیں اور عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔ حکام کے مطابق شہری تعاون کے بغیر صفائی مہم کو کامیاب بنانا ممکن نہیں۔
پرانی مکانیکل سویپنگ مشین اب بھی ناکارہ
۲۰۱۸ءمیں تقریباً ۲۵؍لاکھ روپے کی لاگت سے کارپوریشن نے ایک مکانیکل سویپنگ مشین خریدی تھی مگر وہ ڈیمو کے بعد عملی طور پر استعمال میں نہیں لائی جا سکی اور طویل عرصے سے ناکارہ پڑی ہے۔ صفائی محکمہ کی جانب سے اس کی وجہ برش کی عدم دستیابی بتائی گئی تھی، جس کے باعث وہ مشین آج تک کارآمد نہیں بن سکی۔
یہ بھی پڑھئے: موتی لال نگر کی تعمیر نو: میٹنگ میں مہاڈا سی ای او کی دھمکیاں
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰۱۸ء میں خریدی گئی گاڑی فی الحال خراب حالت میں ہے، تاہم اس کی معلومات حاصل کر لی گئی ہیں اور جلد مرمت کرا کر اسے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی بیڑے میں مجموعی طور پر ۷؍ میکانیکل جھاڑو گاڑیاں شامل کی جائیں گی، جن میں سے مزید ۵؍ آئندہ ماہ تک شامل ہونے کی توقع ہے۔