Inquilab Logo Happiest Places to Work

موتی لال نگر کی تعمیر نو: میٹنگ میں مہاڈا سی ای او کی دھمکیاں

Updated: April 20, 2026, 10:30 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

دھاراوی کی طرح موتی لال نگر کے پروجیکٹ متاثرین بھی ناخوش، مہاڈا ۱۶۰۰؍ مربع فٹ کے متبادل مکان دے رہی ہے جبکہ لوگ ۲۴۰۰؍ مربع فٹ طلب کررہے ہیں۔

Mahada CEO Sanjeev Jaiswal. Photo: INN
مہاڈا کے سی ای او سنجیو جیسوال۔ تصویر: آئی این این

اڈانی کمپنی کو گوریگائوں کے وسیع و عریض موتی لال نگر کی تعمیر نو کا ٹھیکہ تو مل گیا ہے لیکن دھاراوی کی طرح یہاں کے مکین بھی پروجیکٹ سے مطمئن نہیں ہیں۔ یہاں کے پروجیکٹ متاثرین کو ۱۶۰۰؍ مربع فٹ کا متبادل مکان دیا جانا ہے جبکہ عوام ۲۴۰۰؍ مربع فٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ مقامی افراد کے ساتھ ایک میٹنگ میں جب ایک مقامی شخص نے پلے کارڈ پر لکھ کر یہ مطالبہ دہرایا تو مہاڈا کے ’سی ای او‘ اسٹیج ہی پر اس پر برہم ہوگئے، دھمکیاں دیں لیکن جب کئی لوگ ان کے رویہ پر ناراضگی ظاہر کرنے لگے تو وہ پروگرام وہیں ختم کرنے کا اعلان کرکے چلے گئے۔

’مہاراشٹر ہائوسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (مہاڈا) کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) سنجیو جیسوال ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے قریبی افسران میں شمار ہوتے ہیں۔ جمعہ کو مہاڈا نے ایک پریس کانفرنس میں گوریگائوں کے موتی لال نگر کی باز آباد کاری پروجیکٹ اڈانی کے ذریعہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد شام کے وقت موتی لال نگر کے مکینوں کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں جب سنجیو جیسوال پروجیکٹ متاثرین سے خطاب کرنے کیلئے اسٹیج پر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک شخص ہاتھ میں پلےکارڈ لے کر کھڑا تھا جس پر انگریزی میں تحریر تھا، ’’ہمارا حق، ۲۴۰۰؍ مربع فٹ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کولی سماج کو دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں شامل نہ کرنے کی درخواست مسترد

یہ دیکھ کر سنجیو جیسوال برہم ہوگئے۔ ویڈیو جہاں سے شروع ہوا ہے اس میں وہ پوسٹر لئے ہوئے شخص سے اسٹیج پر کھڑے ہوکر لائوڈ اسپیکر پر مراٹھی میں پوچھ رہے ہیں کہ ’’انگریزی میڈیم مطلب کیا، کیا تمہیں سچ میں مراٹھی نہیں آتی ہے؟ بیٹھ جائو۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے انگریزی میں کہا کہ ’’مجھے یہ سوچنے پر مجبور مت کروکہ تم در انداز ہو یا کچھ دیگر، ٹھیک ہے؟‘‘ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ’’مجھے اس کا شناختی کارڈ لاکر دو، پولیس اس آدمی کا شناختی کارڈ لے کر آئو... آئی کارڈ لے کر آ بچہ، آئی کارڈ لے کر آ، آئی کارڈ دے دے... ہیلو... آئی کارڈ دیجئے چُپ چاپ سے...‘‘ اس وقت شاید سنجیو جیسوال اپنا عہدہ بھول گئے تھے اور کسی بازاری غنڈے کی طرح دھمکی دیتے ہوئے کہنے لگے کہ، ’’آئی کارڈ دے نا، تیری سمجھداری نکالتا ہوں نا میں... کہاں سے آیا، کب آیا، کون سے سال میں آیا، کدھر سے آیا، یہاں جنم ہواکہ کیا ہوا وہ سب پورا نکالتا ہوں نا۔ پتہ کرتا ہوں تیرے بارے میںاور اگر تو گھس پیٹھیا نکلا نا تو تیرے کو یہیں سے اٹھا کر لے جائوں گا۔‘‘

اس کے بعد انہوں نے مراٹھی میں کہا کہ، ’’ایسا ہے کہ میں یہاں بات کرنے آیا تھا، سوالات کے جواب دینے آیا تھا لیکن مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ...‘‘ اس وقت بیک وقت کئی افراد بھیڑ میں سے ان پر برہمی کا اظہار کرنے لگے جس پر انہوں نے کئی مرتبہ کہا کہ ’’او، چلّائو مت۔‘‘ پھر کہا کہ’’تمہاری یہاں گفتگو کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ تمہیں تعمیر نو میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اس لئے اس بات پر میں آج کی مجلس یہاں ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: تیسری ممبئی بسانے کیلئے ایم ایم آر ڈی اے کو رائے گڑھ میں ۲۱۶؍ ایکڑ زمین ملی

اس وقت جو شخص یہ ویڈیو بنا رہا تھا اس کی آواز سنائی دے رہی ہے جس میں وہ درخواست کررہا ہے کہ مہاڈا جسے اپنا نمائندہ بنا کر بھیجتی ہے برائے مہربانی دیکھ کر بھیجے۔

اس ویڈیو سے صاف سمجھ میں آرہا ہے کہ سی ای او نے پہلے اس شخص کو نشانہ بنا کر تمام مکینوں کو بالواسطہ دھمکانے کی کوشش کی کہ جو اعتراض کرے گا اس کی ذاتی اور دیگر تفصیلات کی باریکی سے جانچ کی جائے گی تاکہ کوئی بھی موقع ملنے پر اسے باز آباد کاری کیلئے نااہل قرار دیا جاسکے۔ تاہم جب بڑی تعداد میں مقامی افراد ان کے اس رویہ کے خلاف کھڑے ہوکر آواز اٹھانے لگے تو انہوں نے مجلس ختم کردی اور وہاں سے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: خود کار دروازے والی نئی لوکل میں سفر کرنے کیلئے ۲؍ ماہ سے زائد انتظار کرنا ہوگا

موتی لال نگر پروجیکٹ

موتی لال نگر کا یہ علاقہ ۱۴۳؍ ایکڑ پر محیط ہے اور اس میںتین کالونیاں موتی لال نگرنمبرایک دو اورتین شامل ہیں۔ اس پروجیکٹ کیلئے ۳۷۰۲؍ مکین اہل پائے گئے ہیں۔ان کے علاوہ ۳۲۸؍ تاجروں کو بھی اہل پایا گیا ہے جنہیں ۹۸۷؍ مربع فٹ کے گالے دیئے جائیں گے۔اس کے علاوہ ۱۶۰۰؍جھوپڑا واسیوں کو ایس آر اے ایکٹ کے تحت ۳۰۰؍ مربع فٹ کا مکان دیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ سےمہاڈا کو بھی بڑی تعداد میں رہائش گاہیں حاصل ہوںگی۔ ممبئی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہورہا ہے کہ مہاڈا ۱۶۰۰؍ مربع فٹ کے مکان فراہم کرنے پر رضامند ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK