فن خطاطی کو نئی نسل سے جوڑنے اور قرآنِ کریم کے آفاقی پیغام کو خوبصورت انداز میں دنیا بھر تک پہنچانے کے مقصد سے دہلی میں منعقدہ بین الاقوامی قرآنی خطاطی نمائش نے جہاں ایک طرف عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔
منصب مومن اپنے فن پاروں کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
فن خطاطی کو نئی نسل سے جوڑنے اور قرآنِ کریم کے آفاقی پیغام کو خوبصورت انداز میں دنیا بھر تک پہنچانے کے مقصد سے دہلی میں منعقدہ بین الاقوامی قرآنی خطاطی نمائش نے جہاں ایک طرف عالمی سطح پر توجہ حاصل کی، وہیں دوسری طرف اس میں بھیونڈی کے معروف کاتب و آرٹسٹ منصب مومن (المعروف منصب آرٹ) نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے خصوصی مقام حاصل کیا۔
۲۸؍ اور ۲۹؍ مارچ کو منعقدہ اس دو روزہ باوقار نمائش میں سوئزرلینڈ، فرانس، ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ایشیائی نیز یورپی ممالک کے نمائندوں کی شرکت نے اسے ایک عالمی پلیٹ فارم میں تبدیل کر دیا جہاں فن خطاطی کو محض ایک ہنر نہیں بلکہ تہذیبی اورروحانی پیغام کے ذریعہ کے طور پر پیش کیا گیا۔
نمائش کے لئے ملک بھر سے محض۱۰؍ ممتاز خطاطوں کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں منصب آرٹ کی شمولیت ان کی فنی عظمت کا اعتراف ہے۔ ان کے تیار کردہ قرآنی طغرے اور دیدہ زیب خطاطی کے نمونے نمائش کا مرکزِ نگاہ بنے رہےجہاں ہر آنے والا ان کے فن کی باریکیوں اور حسنِ ترتیب کا معترف نظر آیا۔
پروگرام کے دوران منصب آرٹ نے ایک لائیو ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جو حاضرین کے لئے خاص کشش کا باعث بنی۔ انہوں نے کینواس پر براہِ راست خطاطی کرتے ہوئے نہ صرف شاندار نمونے تخلیق کئے بلکہ موقع پر ہی سیکڑوں افراد کے نام اور مختلف عبارات فی البدیہہ تحریر کرکے محفل کو مسحور کر دیا۔ ان کے ہاتھ کی روانی اور فن پر گرفت نے سامعین کو حیران کر دیا اور بار بار داد و تحسین کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔فن پر مضبوط گرفت سے متاثر ہو کر منتظمین نے انہیں ناروے (یورپ) میں ہونے والی آئندہ بین الاقوامی خطاطی نمائش کے لئے بھی منتخب کر دیا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف منصب آرٹ کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ بھیونڈی شہر کے لئے بھی فخر کا باعث بن گئی ہے۔
منصب مومن نے اس موقع پر کہا کہ خطاطی ہماری عظیم تہذیبی وراثت ہے جسے جدید دور میں دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس فن کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور جلد ہی کتابت کی تربیتی کلاسیز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔یہ نمائش معروف خطاط گوری یوسف حسین (گجرات) کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی جس نے فنِ خطاطی کے فروغ اور اس کے عالمی تعارف میں ایک اہم قدم ثابت ہونے کا پیغام دیا۔