بچے، نوجوان ، یہاں تک کہ معمر شہری بھی لطف اندوز ہونے کیلئے گھروں سے باہر نکلے
EPAPER
Updated: June 24, 2026, 6:03 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بچے، نوجوان ، یہاں تک کہ معمر شہری بھی لطف اندوز ہونے کیلئے گھروں سے باہر نکلے
شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے مانسون کی پہلی بارش راحت کا پیغام لے کر آئی۔ پیر کی دوپہر شروع ہونے والی بارش کے ساتھ ہی شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بچے، نوجوان ، یہاں تک کہ معمر شہری بھی بارش میں بھیگتے ہوئے نظر آئے، جبکہ اسکولوں سے چھٹی کے بعد طلبہ نے بھی بارش کا بھرپور لطف اٹھایا۔ سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار بھی بارش میں بھیگتے ہوئے اپنی منزلوں کی جانب رواں دواں دکھائی دیے۔بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں نالے ابل پڑے اور پانی سڑکوں و گلیوں میں بہنے لگا، تاہم طویل انتظار کے بعد ہونے والی بارش نے شہریوں کی خوشی میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔ لوگوں نے بارش کو رحمتِ خداوندی قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ پہلی بارش نے نہ صرف گرمی کا زور توڑا بلکہ شہر کے ماحول میں تازگی اور شادابی بھی بھر دی۔واضح رہےکہ شہر میں اس سے قبل اتوار کوصبح کچھ دیر ہلکی بارش ہوئی تھی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تھا ۔بعد ازاں۲؍ دن شہرکے آسمان پر بادل چھائے رہے لیکن بارش نہیںہوئی مگر لوگوں کو امید بندھی کہ اب بارش کی شروعات ہو جائیگی ۔اس دوران اتوار کوشہرمیںنماز استسقاء کا بھی اہتمام کیاگیا تھا اور بارش کی دعا مانگی گئی تھی ۔
یہ بھی پڑھئے:’’ایٹھا‘‘ کا ٹیزر جاری: وِٹھابائی نارائنگاؤںکر کے روپ میں شردھا کپور کی شاندار تبدیلی
نازیہ الٰہی خان کے خلاف مقدمہ درج، مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام
بی جے پی اقلیتی سیل کی دریدہ دہن لیڈرنازیہ الٰہی خان کے خلاف شہر کے شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں سوشل میڈیا پر مبینہ مذہبی جذبات مجروح کرنے والا ویڈیو پوسٹ کرنے کے معاملے میں نازیہ الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ عدنان عبدالسلام انصاری کے مطابق انسٹاگرام پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو میں خاتون نے نبی کریمؐ کے بارے میں گستاخانہ بیانات دیے تھے جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔پولیس نے شکایت کی بنیاد پر نازیہ الٰہی کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس ) کی دفعہ۲۹۹؍ اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ۶۷؍ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ شانتی نگر پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس موقع پرایم آئی ایم کے مقامی یوتھ لیڈرروش مومن بھی موجود تھےجنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ’’ نازیہ الٰہی اس سے پہلے مسلمانوں کے خلاف کئی بار اشتعال انگیزی کرچکی ہے،انہیںملک سے نکالنے کی اپیل کرچکی ہے،سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میںمسلمانوں کو ملازمت نہ دینے کی اپیل کرچکی ہے۔ ان پر ہم نے کچھ نہیںکہالیکن نبی کریمؐ کی شان میںگستاخی مسلمان برداشت نہیںکرسکتا ۔‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ یہ زیروایف آئی آر نہیںبلکہ ریگولر ایف آئی آر ہے اورنازیہ الٰہی کو مقدمہ کا سامنا کرنے کیلئے بھیونڈی کی عدالت حاضر ہونا ہوگا۔