Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : نجی پری پرائمری اسکولوں کا آن لائن اندراج لازمی، محکمۂ تعلیم کی سخت ہدایت

Updated: June 12, 2025, 2:52 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ریاستی حکومت کی جانب سے جاری نئی ہدایات کے مطابق اب تین سے چھ سال کی عمر کے بچوں کو پری پرائمری میں داخلہ لینے والے تمام نجی تعلیمی اداروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ریاستی حکومت کی جانب سے جاری نئی ہدایات کے مطابق اب تین سے چھ سال کی عمر کے بچوں کو پری پرائمری میں داخلہ لینے والے تمام نجی تعلیمی اداروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس میں نرسری، پری اسکول، جونیئر کے جی، سینئر کے جی یا کسی بھی نام سے چلنے والے وہ تمام تعلیمی ادارے شامل ہیں جو ابتدائی سطح پر بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ 
 میونسپل محکمہ تعلیم کے ڈپٹی میونسپل کمشنر بال کرشن شیر ساگر نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بھیونڈی شہر کے تمام نجی اسکولوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوراً اپنا رجسٹریشن مکمل کریں کیونکہ یہ رجسٹریشن اب قانونی طور پر لازم ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایک خصوصی ’پری اسکول پورٹل‘ بنایا گیا ہے جس کے ذریعے نجی ادارے اپنی مکمل تفصیلات آن لائن درج کر سکتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:مساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کے معاملے پرایک بار پھر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی جائے گی

یہ سہولت education.maharashtra.gov.in ویب سائٹ پر موجود ہے، جہاں `Pre-School Portal (ECCE) کے ٹیب پر جا کر رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔ اس پورٹل پر ہر ادارے کو بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیم سے متعلق معلومات، اسکول انتظامیہ کی تفصیلات، بچوں کی تعداد، تعلیمی اور دیگر سہولیات، تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تفصیل فراہم کرنی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اساتذہ کی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تربیت کے اسناد، عمارت کے مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ، صحت و صفائی سے متعلق سرٹیفکیٹ جیسے دستاویزات اپلوڈ کرنا بھی لازمی ہوگا۔ بال کرشن شیر ساگر نے کہا کہ بھیونڈی نظام پورمیونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام نجی ادارے اس پابندی میں شامل ہیں اور کسی کو بھی اس سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ اگر کسی ادارے کو اس رجسٹریشن کے دوران کسی قسم کی تکنیکی یا عملی دقت کا سامنا ہو تو شہری انتظامیہ نے پربھاگ سمیتی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، جن سے رابطہ کر کے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام بچوں کے محفوظ تعلیمی مستقبل اور اداروں کی نگرانی کیلئے انتہائی اہم ہے، لہٰذا کسی بھی تعلیمی ادارے کو اس میں کوتاہی یا تاخیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ پری پرائمری سطح پر کام کرنے والے نجی ادارے کسی قسم کی سرکاری نگرانی یا ضابطے کے پابند نہیں ہوتے تھے، جس سے بچوں کی تعلیم اور تحفظ پر سوال اٹھتے تھے۔ اب اس رجسٹریشن کے ذریعے حکومت ان اداروں کی مکمل نگرانی کرے گی۔ انہوں نے اسکول منتظمین سے کہا کہ وہ اس ہدایت کو سنجیدگی سے لیں اور جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK