Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: سڑک کی مرمت کے نام پر ناقص پیچ ورک، عوام کا شدید احتجاج

Updated: April 15, 2026, 2:00 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہریوں نے سڑک پر اتر کر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ کام بھی رکوا کر انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔

Citizens Stopped The Work Due To The Use Of Poor Quality Materials In Road Repair.Photo:INN
سڑک کی مرمت میں ناقص مٹیریل استعمال کرنے کی وجہ سے شہریوں نے کام بند کروا دیا-تصویر:آئی این این
بھیونڈی میں مانسون سے قبل سڑکوں کی مرمت کے نام پر جاری مبینہ ناقص پیچ ورک کے خلاف عوام کا غصہ پھوٹ پڑا۔  شہریوں نے سڑک پر اتر کر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ کام بھی رکوا کر انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔ اطلاع کے مطابق فائز العلوم مسجد کے عین سامنے پیچ ورک کا کام جاری تھا۔ مقامی شہریوں کا الزام ہے کہ ڈامر کے نام پر صرف تیل ملا پانی چھڑکا جا رہا ہے، جو ان کے ٹیکس کے پیسوں کا ضیاع ہے۔ عوام کی ناراضگی اس قدر بڑھ گئی کہ انہوں نے ٹھیکیدار کو موقع پر ہی کام بند کرنے پر مجبور کر دیا۔
واضح رہے کہ پربھاگ سمیتی ایک کی سڑکوں کے گڑھوں کی مرمت کیلئے میونسپل کارپوریشن نے الہاس نگر کی جھاپی اینڈ کمپنی کو تقریباً ایک کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا ہے۔ مانسون سے پہلے کام مکمل کرنے کے لئے ٹھیکیدار نے پیچ ورک شروع کیا تھا  مگر مقامی شہریوں کا مطالبہ ہے کہ جب برسوں بعد سڑک کی مرمت ہو رہی ہے تو مکمل اور پائیدار سڑک کیوں نہیں بنائی جا رہی۔کام رکوانے کے بعد شہریوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار بغیر سڑک کی صفائی کے ہی پیچ ورک کر رہا تھا۔ گزشتہ ۸؍ برسوں سے یہاں کوئی کام نہیں ہوا تھا اور جب کام شروع ہوا تو وہ بھی ناقص معیار کا نکلا۔ شہریوں نے کہا کہ اگر ان کے ٹیکس کے پیسوں سے کام ہو رہا ہے تو مضبوطی کے ساتھ کیا جائے، تار کول کے نام پر یہ مذاق بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وہ اپنے پیسے اس طرح ضائع ہوتے نہیں دیکھ سکتے، اچھا کام ہوگا تو ہی ہونے دیں گے۔
 
 
اس دوران ماحول کچھ کشیدہ بھی رہا کیونکہ کچھ افراد ایسے بھی تھے جو برسوں بعد شروع ہونے والے کام سے خوش تھے اور اسے جاری رکھنے کے حامی تھے جبکہ احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ کام صرف رسمی نہ ہو بلکہ پائیدار ہونا چاہیے۔ احتجاج کے متعلق علم ہوتے ہی سابق کارپوریٹر محبوب شیخ بھی وہاں پہنچ گئے اور مشتعل شہریوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے محبوب شیخ نے کہا کہ عوام کا غصہ بجا ہے، کام میں کوتاہی برتی جا رہی ہے۔ میں نے خود موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا ہے۔ انتظامیہ اور ٹھیکیدار سے کہنا ہے کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔ناقص کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
 
 
اس ضمن میں جونیئر انجینئر وسیم شیخ نے بتایا کہ’’عالمی حالات، خصوصاً ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث تارکول کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے کچھ عرصہ تک پیچ ورک کا کام رکا رہا۔ تارکول دستیاب نہ ہونے کی صورت میں مانسون سے قبل کام مکمل کرنے کے لئے ایملشن کا استعمال کیا جا رہا ہے، جو سڑکوں کی مرمت میں ایک متبادل طریقہ ہے۔ ٹھیکیدار کو صرف پیچ ورک کا ہی ٹھیکہ دیا گیا ہے، جبکہ مقامی شہری مکمل سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سڑک کے کنارے نالہ نہ ہونے کا مسئلہ بھی ہے، جس کےلئے مقامی رکن اسمبلی رئیـس شیخ کو نالہ تعمیر کرنے کا تخمینہ پیش کیا گیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK