جنرل باڈی میٹنگ میں تجویز پیش، شہریوں میں برہمی، اپوزیشن کا شہر پر ایک اور وصولی کمپنی تھوپنے کا الزام، ڈپٹی میونسپل کمشنر نے تجویز کا دفاع کیا۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 11:44 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
جنرل باڈی میٹنگ میں تجویز پیش، شہریوں میں برہمی، اپوزیشن کا شہر پر ایک اور وصولی کمپنی تھوپنے کا الزام، ڈپٹی میونسپل کمشنر نے تجویز کا دفاع کیا۔
یہاں میونسپل کارپوریشن نے پراپرٹی ٹیکس وصولی کے لئے نجی کمپنی لانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر کی جانب سے تیار کردہ اس تجویز نے شہری حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر عوامی ادارے کی اپنی مشینری اور عملہ ٹیکس وصولی کے قابل کیوں نہیں اور ہر اہم ذمہ داری نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کی نوبت کیوں آرہی ہے؟ اپوزیشن نے اسے ٹورینٹ پاور کی طرز پر شہر پر ایک اور وصولی کمپنی تھوپنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ یہ تجویز۱۷؍ نومبر کو ہونے والی جنرل باڈی میٹنگ میں منظوری کے لئے پیش کی جائے گی۔
جنرل باڈی کے ایجنڈے کے مطابق شہر کی مجموعی۲؍ لاکھ۱۰؍ ہزار۹۳۲؍ جائیدادوں میں سے۴۰؍ ہزار۶۴۶؍ تجارتی، صنعتی اور مخلوط استعمال کی جائیدادوں سے ٹیکس وصولی کا ٹھیکہ نجی ایجنسی کو دینے کی تجویز ہے۔ یہ تعداد شہر کی کل جائیدادوں کا۱۹ء۲۷؍فیصد ہے۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ان جائیدادوں سے ٹیکس وصولی کے امکانات زیادہ ہیں لیکن موجودہ نظام میں مطلوبہ وصولی نہیں ہوپارہی ہے۔ اسی بنیاد پر تین سال کے لئے نجی ایجنسی مقرر کرنے اور وصول شدہ رقم پر اسے کمیشن دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
۱۲۹۷؍کروڑ کا بقایامگر اعدادوشمار ہی مشکوک!
میونسپل کارپوریشن کے ریکارڈ کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی مجموعی مانگ۱۳۲۳ء۱۹؍ کروڑ روپے ہے جبکہ وصولی صرف۲۵ء۵۶؍ کروڑ روپے ہوئی ہے۔ اس طرح۱۲۹۷ء۶۳؍ کروڑ روپے بقایا بتائے گئے ہیںلیکن میونسپل ذرائع کا کہنا ہے کہ دوہرے اندراج اور تکنیکی خامیوں کے سبب بقایاجات کی رقم بڑھا چڑھا کر سامنے آرہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایمانداری سے جانچ کی جائے تو یہ رقم نصف سے بھی کم ہوسکتی ہے۔ ایسے میں اعدادوشمار کی درستگی یقینی بنائے بغیر نجی کمپنی کو وصولی کا ٹھیکہ دینے کی تجویز بھی سوالوں کے گھیرے میں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’یوسی سی دستورِ ہند کے خلاف اور آئینی حقوق پربہت بڑا حملہ ہے ‘‘
اپنا نظام سدھارنے کے بجائے نجی کمپنی کو کمیشن!
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ عملے پر اضافی ذمہ داریوں کے باعث بڑے بقایاداروں سے وصولی نہیں ہوپارہی ہے۔ نجی ایجنسی بقایاداروں کی فہرست، فون، ایس ایم ایس اور براہ راست رابطے کے ذریعے وصولی کی کوشش کرے گی۔ البتہ ٹیکس کا تعین، جائیداد ضبط کرنے اور نیلامی جیسے قانونی اختیارات میونسپل کارپوریشن کے پاس ہی رہیں گے۔ اس کے باوجود سوال ہے کہ جب ٹیکس وصولی میونسپل کارپوریشن کی بنیادی ذمہ داری ہے تو اس کے لئے نجی کمپنی کو کمیشن دینے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟ کیا پہلے موجودہ نظام کی خامیاں دور کرنے اور ٹیکس کے اعدادوشمار کی جانچ کرنے کی ضرورت نہیں؟
سماجوادی پارٹی کے صدر ریاض اعظمی نے ’انقلاب‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ’’ کارپوریشن کے ذمہ داران ٹورینٹ پاور کی طرز پر شہر پر ایک اور نجی وصولی کمپنی تھوپنے کی تیاری کررہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی اس تجویز کی سخت مخالفت کرے گی اور اسے منظور کرنے کی کوشش کی گئی تو پارٹی سڑکوں پر اتر کر شدید احتجاج کرے گی۔‘‘
سابق ڈپٹی میئر احمد حسین صدیقی اور سابق ہاؤس لیڈر مطلوب افضل خان نے بھی پراپرٹی ٹیکس وصولی نجی کمپنی کے حوالے کرنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ’’ میونسپل کارپوریشن کا اپنا محکمہ اور عملہ موجود ہونے کے باوجود وصولی کا کام نجی ایجنسی کو سونپنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ پہلے کارپوریشن کے موجودہ نظام کی خامیاں دور کی جائیں اور ٹیکس کے بقایاجات کے اعدادوشمار کی شفاف طریقے سے جانچ کی جائے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ عوام پر پہلے ہی مختلف مالی بوجھ ہیں، ایسے میں نجی کمپنی کو کمیشن پر وصولی کا اختیار دینا مناسب نہیں۔‘‘ دونوں لیڈروں نے مطالبہ کیا کہ’’ اس تجویز کو منظور کرنے کے بجائے میونسپل کارپوریشن اپنا وصولی نظام مضبوط بنائے۔‘‘
دوسری طرف ڈپٹی میونسپل کمشنر( ٹیکس) بال کرشن شیر ساگر نے تجویز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’میونسپل کارپوریشن کو اس طرح کے فیصلے کرنے ہوں گے، نہیں تو مرکزی اور ریاستی حکومت سے موصول ہونے والی مالی گرانٹ پر منفی اثر پڑے گا کیوں کہ کارپوریشن کی آمدنی لگاتار متاثر ہورہی ہے۔‘‘