• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی اسمبلی الیکشن: اویسی اور چندر شیکھر آزاد کا اتحاد کا اعلان

Updated: November 13, 2026, 12:14 PM IST | Agency | Lucknow

دونوں اراکین پارلیمنٹ نے ’سماجک پریورتن مورچہ‘ نام سے محاذ قائم کیا، چندر شیکھر آزاد وزیر اعلیٰ کا چہرہ، چندر شیکھرنے کہاکہ یہ تیسرا نہیں بلکہ پہلا محاذ ہے اور بہت مضبوط محاذ ہے، ۲۶؍ نومبر کو رمابائی امبیڈکر میدان میں ریلی کا منصوبہ، تمام ۴۰۳؍ سیٹوں پرامیدوار اتارنے کا فیصلہ، اویسی کا بی جےپی کولگاتار تیسری بار اقتدار میں آنےسے روکنے کا عزم۔

Asaduddin Owaisi and Chandrashekhar Azad during a press conference. Photo: PTI
اسدالدین اویسی اور چندر شیکھرآزاد پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے بڑی پیش رفت سامنے آئی  ہے۔ اسدالدین اویسی کی قیادت والی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم)اور چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) نے جمعرات کواسمبلی انتخابات مل کر لڑنے کیلئے ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر اویسی نے یہ بھی اعلان کیا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں چندر شیکھر آزاد اس نئے اتحاد کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔ رکن پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد اور اسدالدین اویسی نے آپس میں اتحاد کرنے کا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ اس اتحاد کا نام ’سماجک پریورتن مورچہ‘ رکھا گیا ۔ 

چندر شیکھر وزیر اعلیٰ کا چہرہ 

آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) اور اے آئی ایم آئی ایم کی جانب سے منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں چندرشیکھر آزاد کا نام وزارت اعلیٰ  کے امیدوار  کے طورپرپیش کیا گیا۔اس موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ جو اتحاد آپ کے سامنے پیش کیا گیا ہے، اس کا نام ’سماجک پریورتن مورچہ‘ ہے۔ اس میں فی الحال۲؍ پارٹیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ تیسرا محاذ نہیں، یہ پہلا محاذ ہے۔ یہ بہت مضبوط محاذ ہے۔ جیسے جیسے اس میں کمزور، متاثرہ لوگ جڑتے جائیں گے، ویسے ویسے یہ محاذ مضبوط ہو جائے گا۔‘‘ انہوں نے۲۶؍ نومبر کو رمابائی امبیڈکر میدان میں ریلی کرنے کا اعلان بھی کیا، ساتھ ہی کہا کہ یہ محاذ ریاست کی سبھی۴۰۳؍ سیٹوں پر انتخاب لڑے گا۔

یہ بھی پڑھئے: گیانیش کمار کیخلاف تحریک پھر شروع کرنے کا اعلان

چندرشیکھر آزاد نے بہوجن طبقہ کے ساتھ ہو رہی ناانصافی کا ذکر خاص طور سے پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ طویل مدت سے پارٹیوں نے وعدہ کیا کہ وہ بہوجن سماج کے ساتھ ہیں اور ان کے حق کیلئے کام کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بہوجن سماج کے حق میں کچھ بھی نہیں کیا گیا، آج جو کسی طرح سے تعلیم یافتہ ہو گیا، وہ بھی بے روزگار ہے۔ جو آواز اٹھاتا ہے، اس کے خلاف کیس درج ہوتے ہیں، لاٹھیاں چلائی جاتی ہیں۔ اب تو قانون بنا دیا ہے کہ جو آواز اٹھائے گا، اسے سرکاری ملازمت نہیں ملے گی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میرا ماننا ہے اب بے عزتی کا گھونٹ نہیں پینا ہے۔ اب خود طاقتور بنیں گے، کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔ ان سبھی کی مدد کریں گے جو متاثرہ، استحصال زدہ اور محروم ہیں۔‘‘

اسدالدین اویسی نے اپنے خطاب میں کہا  ’’چندرشیکھر نے اپنی ترجیحات بتا دی ہیں اور میں یقین سے کہتا ہوں کہ بی جے پی کولگاتار تیسری بار اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے یہ مضبوط متبادل ہوگا۔ ان انتخابات میں بی جے پی کو روکنے کے ساتھ ہی بے روزگاروں، کسانوں کے ایشوز پر ہماری لڑائی ہوگی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ آج جو اتحاد بنا ہے، وہ ایک مضبوط متبادل بنے گا۔ ریاست میں سماجی تبدیلی لانا مقصد ہے اور ہم لوگ بہتر مستقبل کے لیے سیاست کریں گے۔

پسماندہ ، مظلوم اور محروم طبقات کے مسائل پر توجہ 

اویسی نے کہا کہ یہ اتحاد پسماندہ اور دلت برادریوں کے ساتھ ساتھ مظلوم اور محروم طبقات کے مسائل پر توجہ مرکوز کرے گا، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ذات سے ہو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اب تک سیاسی جماعتیں ان طبقات کو محض ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مورچہ ریاست میں تعلیمی نظام کی بگڑتی صورتِ حال، نوجوانوں میں بے روزگاری اور کسانوں کو درپیش مسائل جیسے اہم موضوعات کو اٹھائے گا۔اویسی نے کہا’’ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے بھائی چندر شیکھر آزاد سماجی پریورتن مورچہ کے قومی صدر اور اتر پردیش میں وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں اتحاد کی کامیابی کے لیے مل کر کام کریں گی اور اس اتحاد کی کامیابی دراصل اتر پردیش کے عوام کی کامیابی ہوگی۔‘‘ اویسی نے عوام سے۲۶؍ نومبر کو ہونے والی عوامی ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ریلی ریاست میں سماجی تبدیلی کی تحریک کا آغاز ثابت ہوگی۔

ہم مستقبل کی سیاست کریں گے

بی جے پی اور دیگر سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ وہ ماضی کی سیاست کی نمائندگی کرتی ہیں، جبکہ سماجی پریورتن مورچہ مستقبل کی سیاست پر توجہ دے گا۔ انہوں نے کہا، ہم مستقبل کیلئے سیاست کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ اتر پردیش کے عوام بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے چندر شیکھر آزاد کے ساتھ ہاتھ ملائیں  گے۔چندر شیکھر نے  ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی طاقت عوام کے مسائل حل کرنے کی ’ماسٹر چابی‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن برادریوں کی اپنی سیاسی تنظیم نہیں ہوتی، وہ اپنی آبادی کی تعداد کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو، اپنے مفادات کا مؤثر طریقے سے تحفظ نہیں کر پاتیں۔  اس اتحاد  سے سیاسی ہلچل میں اضافہ ہونا لازمی ہے۔ مختلف پارٹیوں کے سیاسی لیڈران کا اس پر رد عمل آنا بھی شروع ہو گیا ہے۔ عوامی حلقوںمیں یہی باتیں چل رہی ہیں کہ چندرشیکھر-اویسی کا اتحاد اقلیتی ووٹ بینک میں سیندھ لگا سکتا ہے ۔ یعنی این ڈی اے کو اس اتحاد سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ حالانکہ کچھ حلقوں کا یہ بھی کہنا ہےکہ اس بار اتر پردیش اسمبلی الیکشن میںکانٹےکی ٹکر دیکھنے کو ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK