سی ایف ایف بھارت نے کہا کہ ووٹر لسٹ میںنام یا بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے پرکسی شہری کو سرکاری مراعات سے محروم نہ کیاجائے۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 12:27 PM IST | Agency | New Delhi
سی ایف ایف بھارت نے کہا کہ ووٹر لسٹ میںنام یا بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے پرکسی شہری کو سرکاری مراعات سے محروم نہ کیاجائے۔
سٹیزنز فار فریٹرنٹی فورم (سی ایف ایف بھارت) نے حکومت ِ ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کی عدم موجودگی، ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے یا بائیومیٹرک تصدیق میں ناکامی کی وجہ سے کسی بھی مستحق شہری کو سرکاری فلاحی اسکیموں اور مراعات سے محروم نہ کیا جائے۔ فورم نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر برائے پنچایتی راج، راجیو رنجن سنگھ کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے، جس کی نقول نیتی آیوگ کے نائب چیئرمین اور کابینہ سیکریٹری کو بھی بھیجی گئی ہیں۔مکتوب میں فلاحی اسکیموں کے مستحقین کی شناخت کیلئے ووٹر شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق کے مبینہ استعمال پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
سی ایف ایف بھارت نے کہا ہے کہ سرکاری فلاحی اسکیموں میں شفافیت لانے اور ان کے غلط استعمال کو روکنے کے اقدامات قابلِ خیر مقدم ہیں لیکن ان اقدامات کی وجہ سے کسی بھی مستحق شہری کو اس کے جائز حقوق سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے۔فورم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ فلاحی اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے کا حق متعلقہ اسکیم کی اہلیت کی شرائط پر منحصر ہونا چاہئے نہ کہ ووٹر لسٹ میں نام درج ہونے پر۔فورم نے معمر شہریوں، خواتین، معذور افراد، نقل مکانی کرنے والے مزدوروں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کیلئے شناخت کے متبادل طریقوں اور شکایات کے فوری ازالے کا مؤثر نظام قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب کیلئے کئی ایئرلائنز نے نومبر کے اخیر تک اپنی خدمات روک دیں
اس مکتوب پر ملک کی۱۹؍ ممتاز شخصیات نے دستخط کئے ہیں جن میں دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر نجیب جنگ،جسٹس اقبال احمد انصاری، پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، ہندوستانی فوج کے سابق نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ،ہندوستان کے سابق سفیر اشوک کمار شرما، امیتابھ پانڈے- سابق آئی اے ایس افسر، پروفیسر کویتا اے شرما- ساؤتھ ایشین یونیورسٹی کی سابق صدر، سی اودے بھاسکر- دفاعی اور تزویراتی امور کے ماہر شامل ہیں ۔ سی ایف ایف بھارت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واضح طور پر یقین دہانی کرائے کہ ووٹر لسٹ میں نام کا اندراج کسی بھی سرکاری فلاحی اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کی لازمی شرط نہ بنایا جائے اور مستحق شہریوں کو محرومی سے بچانے کیلئے مناسب حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے۔فورم کا موقف ہے کہ فلاحی اسکیموں کی فراہمی میں آئین ہند کے بنیادی اصولوں، خصوصاً مساوات، انسانی وقار اور سماجی انصاف کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ سی ایف ایف بھارت ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے، جو ملک میں بھائی چارے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، آئینی اقدار اور تمام شہریوں کے درمیان باہمی احترام و اعتماد کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔