عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ورلی قبرستان کمیٹی کے دفتر میں خصوصی ملاقات کے دوران سخت برہمی کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 11:31 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Worli
عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ورلی قبرستان کمیٹی کے دفتر میں خصوصی ملاقات کے دوران سخت برہمی کا اظہار کیا۔
’’یوسی سی دستورِ ہند کے خلاف اوربھارت واسیوں کے آئینی حقوق پربہت بڑا حملہ ہے۔‘‘عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بدھ کی شب میں عشاء کی نماز کے بعد ورلی قبرستان کمیٹی کے دفتر میں مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں اور دیگر حاضرین سے دورانِ ملاقات سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے مذکورہ اظہارخیال کیا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہاکہ خواہ ہندو ہوں، مسلم ہوں سکھ اور عیسائی ہوں، سبھی کو مل کر اس کی مخالفت کرنی چاہئے۔
سنجے سنگھ اپنی بیٹی کے شادی کے تعلق سے معین میاں سے خصوصی ملاقات اوران کومدعو کرنے کے لئے آئے ہوئےتھے۔دورانِ ملاقات یو سی سی کےتعلق سےان کاموقف جاننے کی کوشش کی گئی۔ اس پر انہوں نے کھل کر نہ صرف اظہار خیال کیا بلکہ حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ دورانِ گفتگو سنجے سنگھ نے کہا کہ ’’یہ بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کاایک جملہ ہے۔میں اس لئےیہ کہہ رہا ہوں کہ جین، سکھ ،آدیواسی اور ہندوستان میں رہنے والے تمام طبقات کےساتھ مسلمانوں کے اپنے رسم ورواج اور مذہبی ضابطے ہیں، کوئی چار پھیرے لیتا ہے تو کوئی سات پھیرے لے کر شادی کے بندھن میں بندھتا ہے اور اسلام کے ماننے والے نکاح کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ایک راشن کارڈ کاکوئی فرد نااہل پائے جانے پر سب کو راشن سے محروم نہ کیاجائے‘‘
بابا صاحب امبیڈکر کے سنویدھان نے سبھی کو یہ حق دیا ہے کہ وہ اپنے مذہبی اصولوں کی روشنی میں عمل کریں۔ اتنا ہی نہیں سنویدھان میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو ان کے مذہب کے مطابق عمل کرنے ، مذہبی مقامات، پوجا استھل اورعبادت گاہوں کو بنانے، اس کاانتظام کرنے، اپنے طور پر اس کی دیکھ بھال اور نگرانی کرنے کا پورا حق دیا ہے۔ یو سی سی اس پربہت بڑا حملہ ہے۔یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے ذریعے اِس آئینی حق کوچھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ‘‘ سنجے سنگھ نے مزید کہاکہ ’’ اس تناظر میں، میں یہ مانتا ہوں کہ یو سی سی سماج کوبانٹنے اور ملک کو کمزور کرنے کی کوشش ہے ۔‘‘
ورلی قبرستان کمیٹی کے دفتر میں ملاقات کے دوران مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں، مولانا صوفی محمد عمر، رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری ، شبیر احمدعطاری، ابوبکر عطاری، مولانا عبدالرحیم ، اکرم خان ، احسان احمداوربرکت وغیرہ موجود تھے۔