اسٹینڈنگ کمیٹی کی عدم تشکیل کی وجہ سے صفائی کا کام اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے، شہریوں میں تشویش۔
EPAPER
Updated: May 04, 2026, 12:42 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
اسٹینڈنگ کمیٹی کی عدم تشکیل کی وجہ سے صفائی کا کام اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے، شہریوں میں تشویش۔
شہر میں نالہ صفائی کا کام اس سال بھی تاخیر کا شکار ہو گیا ہےجس کی بنیادی وجہ منظوری کے پیچیدہ اور ادھورے مراحل بتائے جا رہے ہیں۔ مئی کا مہینہ شروع ہونے کے باوجود صفائی کا عمل شروع نہیں ہو سکا جس سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ مانسون کی آمد قریب بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نالہ صفائی کی منظوری کیلئے۷؍ مئی کو جنرل باڈی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں صفائی کے کام کو حتمی منظوری مل سکتی ہے۔ اس منظوری کے بعد ہی عملی طور پر نالہ صفائی کا آغاز ممکن ہو سکے گا۔میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ اخراجات سے متعلق تجاویز پیش کی جا چکی ہیں لیکن اسٹینڈنگ کمیٹی کی باضابطہ تشکیل نہ ہونے کے باعث کئی اہم فیصلے التوا کا شکار ہیں۔ قوانین کے مطابق کسی بھی بڑے مالیاتی اور ٹھیکہ جاتی کام کیلئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری لازمی ہوتی ہے جس کے بغیر عملدرآمد ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایچ ایس سی رزلٹ، مہاراشٹر کا نتیجہ ۸۹ء۷۹؍ فیصد
ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر) وکرم دراڑے کے مطابق صفائی کیلئے ٹینڈر کھول دئیے گئے ہیں تاہم ان کے تجزیے کیلئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری درکار ہے۔دوسری جانب میونسپل سیکریٹری اجئے پاٹل نے بتایا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کیلئے کوکن کمشنر دفتر کو خط ارسال کر دیا گیا ہے اور منظوری ملتے ہی کمیٹی کی تشکیل مکمل کر لی جائے گی۔تاہم تاخیر کے باعث ۷؍مئی کی جنرل باڈی میٹنگ اس حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
میئر نارائن چودھری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نالہ صفائی کے کام کو مؤثر اوربروقت مکمل کرنے کیلئے خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک صفائی کا کام مکمل نہیں ہوگا متعلقہ ٹھیکیداروں کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ہر سال نالہ صفائی میں تاخیر کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کی شکایات سامنے آتی ہیں۔ کئی مقامات پر آدھا ادھورا کام یا تاخیر سے صفائی کئے جانے کی وجہ سے مسائل مزید سنگین ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کو خدشہ ہے کہ اگر اس بار بھی کام وقت پر مکمل نہ ہوا تو مانسون کے دوران مشکلات میں اضافہ ہوسکتاہے۔