Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: گاڑی ہٹانے کیلئے کہنے پر ہنگامہ، پولیس اہلکار کی پٹائی

Updated: May 04, 2026, 12:51 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

ملزمین کی تلاش جاری، پولیس پر حملے کا چند دنوں میں تیسرا واقعہ، شہریوں میں تشویش۔

A huge commotion broke out over the dispute over the removal of the vehicle and a police officer was beaten up. Photo: INN
گاڑی ہٹانے کے تنازع پر زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی اور پولیس اہلکار کوزد و کوب کیا گیا۔ تصویر: آئی این این

یہاں کولسے واڑی علاقے میں قانون کی دھجیاں اڑانے کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سڑک پر ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی کار کو ہٹانے کےلئے کہنے پر ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو بے رحمی سے زدوکوب کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں ۳؍افراد کے خلاف شکایت درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ شام کلیان مشرق کے ناندیولی علاقے میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ سڑک کے درمیان ایک کار کھڑی ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑ رہا تھا۔ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس کانسٹیبل دیوی داس واگھیرے نے جب کار ڈرائیور کو گاڑی سائیڈ پر لینے کی ہدایت کی تو ڈرائیور آپے سے باہر ہو گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: گریش مہاجن سے تکرار کرنے والی خاتون کی ویڈیو کے ذریعے واقعہ کی وضاحت

عینی شاہدین کے مطابق کار سوار اور اس کے ۲؍ ساتھیوں نے پولیس اہلکار کے ساتھ پہلے گالم گلوچ کی اور پھر ان پر حملہ کر دیا۔ ملزمین نے سرعام وردی پوش اہلکار کو زدوکوب کیا جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اس معاملے میں دیوی داس واگھیرے کی شکایت پر کولسے واڑی پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ڈیوٹی میں مداخلت اور اہلکار پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایچ ایس سی رزلٹ، مہاراشٹر کا نتیجہ ۸۹ء۷۹؍ فیصد

حالیہ واقعہ شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پچھلے چند دنوں کے دوران کلیان میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔پولیس فورس کے اندر اس بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے ناراضگی اور تشویش پائی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK