ممبئی-ناسک شاہراہ کے اوپر ۱۰۰؍ میٹر لمبے پل کی کامیاب لانچنگ، اسٹیل کا ڈھانچہ تمل ناڈو کے تریچی سے بھیونڈی لایا گیا تھا اور یہاں اسمبلنگ مکمل کی گئی۔
EPAPER
Updated: September 30, 2026, 1:32 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ممبئی-ناسک شاہراہ کے اوپر ۱۰۰؍ میٹر لمبے پل کی کامیاب لانچنگ، اسٹیل کا ڈھانچہ تمل ناڈو کے تریچی سے بھیونڈی لایا گیا تھا اور یہاں اسمبلنگ مکمل کی گئی۔
ممبئی احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور (بُلٹ ٹرین) منصوبے کے تحت مہاراشٹر میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دیوے۔انجور کے قریب ممبئی۔ ناسک شاہراہ کے اوپر ۱۰۰؍ میٹر لمبے اور۱۴۰۵؍ میٹرک ٹن وزنی اسٹیل پل کو کامیابی کے ساتھ مقررہ مقام پر نصب کردیا گیا۔ یہ مہاراشٹر میں ممبئی۔احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل منصوبے کے تحت مکمل ہونے والا پہلا اسٹیل پُل ہے۔پل کا اسٹیل ڈھانچہ بھیونڈی سے ۱۳۰۰؍ کلو میٹر دور تمل ناڈو کے تریچی میں تیار کیا گیا تھا۔ تیار شدہ ڈھانچے کو خصوصی ٹریلروں کے ذریعے بھیونڈی لایا گیا جہاں اس کی اسمبلنگ مکمل کرنے کے بعد جدید تکنیک کے ذریعے مقررہ مقام پر نصب کیا گیا۔
رات کے وقت کی گئی پل کی لانچنگ
پل کی تنصیب کے دوران ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کم سے کم متاثر ہو، اس کیلئے لانچنگ کا کام رات کے وقت ٹریفک بلاک کے دوران کیا گیا۔ تقریباً ۱۰۰؍ میٹر لمبے اسٹیل ڈھانچے کو زمین سے۵ء۱۷؍ میٹر کی بلندی پر عارضی ٹریسٹلز پر اسمبل کیا گیا تھا۔پل کو مقررہ مقام تک پہنچانے کےلئے ۲؍ ہولو جیکس استعمال کئے گئے، جن میں سے ہر ایک کی صلاحیت ۱۵۰؍ میٹرک ٹن تھی۔ میکالائے بارز اور خودکار نظام کی مدد سے پل کو کنٹرول طریقے سے کھینچ کر مقررہ مقام پر نصب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:اگر ایس آئی آر کا معاملہ بے نقاب ہوا تو اقتدار چلانا مشکل ہوجائےگا: نانا پٹولے
مضبوطی کیلئے جدید نظام
پل کی تیاری کے دوران اسٹیل کی کٹنگ، ڈرلنگ، ویلڈنگ اور پینٹنگ کا کام مقررہ ڈیزائن اور تکنیکی معیار کے مطابق کیا گیا۔ اسٹیل کے ہر پروڈکشن بیچ کی الٹراسونک ٹیسٹنگ کی گئی جبکہ ویلڈنگ کے کام میں مصروف افراد کو بین الاقوامی ماہرین سے سرٹیفائیڈ کرایا گیا۔پل کی مضبوطی اور طویل مدتی استعمال کو یقینی بنانے کیلئے۵۴؍ ہزار ۷۶؍ ہائی اسٹرینتھ بولٹس، خصوصی حفاظتی پینٹ اور ایلاسٹومیرک بیئرنگز کا استعمال کیا گیا ہے۔
۲۸؍ اسٹیل پل تعمیر ہوں گے
ممبئی-احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور میں مجموعی طور پر ۲۸؍ اسٹیل پل تعمیر کئے جانے ہیں جن میں سے ۱۶؍ پلوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ بھیونڈی میں نصب کیا گیا یہ پل اس منصوبے کے تحت مہاراشٹر میں مکمل ہونے والا پہلا اسٹیل پل ہے۔ تریچی میں اس کی تیاری سے لے کر تقریباً ۱۳۰۰؍ کلومیٹر دور منتقلی، سائٹ پر اسمبلنگ اور پھر مقررہ مقام پر تنصیب تک کا عمل بڑے انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں ملک کی تعمیراتی اور انجینئرنگ صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔
مہاراشٹر کے ممبئی اور گجرات کے احمد آباد کو جوڑنے والی ملک کی پہلی ۵۰۸؍کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریل لائن کا مقصد دونوں شہروں کے درمیان سفر کے وقت میں نمایاں کمی لانا ہے۔