• Mon, 05 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ٹریفک پولیس خود سڑک کی مرمت کرنے پر مجبور!

Updated: October 05, 2026, 11:01 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مانکولی ناکہ کے قریب سڑک خستہ حال، ٹریفک جام سے نجات کیلئے ٹریفک پولیس نے مورچہ سنبھالا۔

A traffic officer attempting to temporarily fill potholes in the road with soil and gravel using a JCB. Photo: INN
ٹریفک اہلکا رجے سی بی کی مدد سے سڑک کے گڑھوں میں مٹی اور بجری ڈال کر انہیں عارضی طور پر بھرنے کی کوشش کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
ممبئی۔ناسک شاہراہ پر مانکولی ناکہ کے قریب سڑک کی خستہ حالی نے ٹریفک نظام کو متاثر کر دیا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے گڑھے پڑنے کے باعث گاڑیوں کی رفتار کم ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں اس مصروف راستے پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ مسئلہ اس قدر سنگین ہے کہ ٹریفک کو منظم کرنے والی پولیس کو اپنی معمول کی ڈیوٹی کے ساتھ سڑک کے گڑھے بھرنے کا کام بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
نارپولی ٹریفک برانچ کے ٹریفک پولیس حوالدار پرشورام شیلکے کی قیادت میں پولیس اہلکاروں نے جے سی بی کی مدد سے سڑک کے گڑھوں میں مٹی اور بجری ڈال کر انہیں عارضی طور پر بھرنے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکار ایک جانب گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کرتے رہے تو دوسری جانب گڑھوں کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کرنے میں بھی مصروف رہے۔
 
 
ہائی وے کے اس اہم حصے پر سڑک کی خراب حالت کے باعث خاص طور پر دو پہیہ گاڑی سواروں کو دشواری کا سامنا ہے۔ گڑھوں سے بچنے کی کوشش میں گاڑیوں کی رفتار اچانک کم ہونے سے ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ بارش کے دوران گڑھوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں ان کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے سے حادثات کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے بجری ڈال کر گڑھے عارضی طور پر بھرنے کے باوجود بنیادی مسئلہ برقرار ہے۔ سڑک کی مستقل مرمت کی ذمہ داری رکھنے والے متعلقہ ادارے کی جانب سے کارروائی نہ ہونے پر سوال اٹھ رہے ہیں کہ آخر کب تک ٹریفک پولیس کو ٹریفک کنٹرول کرنے کے ساتھ سڑک کی مرمت کا کام بھی کرنا پڑے گا؟ گاڑی چلانے والوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مانکولی ناکہ کے قریب ممبئی۔ناسک ہائی وے کا فوری معائنہ کرکے تمام گڑھوں کی مستقل مرمت کی جائے تاکہ ٹریفک جام کے ساتھ حادثات کے خطرے کو بھی کم کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK