فرنویس نے پارٹی کارکنوں سےاپوزیشن کی طرف سے پھیلائے جانے والے جھوٹ کے خلاف لڑنے کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی جبکہ گڈکری نے بوتھ سطح پر کام کرنے پر زور دیا۔
EPAPER
Updated: August 05, 2024, 11:47 AM IST | Agency | Nagpur
فرنویس نے پارٹی کارکنوں سےاپوزیشن کی طرف سے پھیلائے جانے والے جھوٹ کے خلاف لڑنے کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی جبکہ گڈکری نے بوتھ سطح پر کام کرنے پر زور دیا۔
ناگپور میں بی جے پی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دیویندر فرنویس اور نتن گڈکری نےخطاب کیا۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بی جے پی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپوزیشن کی طرف سے پھیلائے جا نے والے جھوٹ کے خلاف لڑنے کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھئے:وائناڈ سانحہ میں متوفیوں کی تعداد ۳۶۵؍ ہوگئی
ہر طبقے کو مختلف اسکیموں کا فائدہ
دیویندر فرنویس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت سماج کے ہر طبقے کو مختلف اسکیموں کا فائدہ پہنچا رہی ہے۔ خواتین، کسانوں، او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی برادریوں کیلئے بہت سی فائدہ مند اسکیمیں ہیں۔ لاڈلی بہن اسکیم کے تحت جولائی سے اگست تک کی رقم۱۵؍ سے۲۰؍ تاریخ کے درمیان تقریباً ۲ء۵؍کروڑ خواتین کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ اس منصوبے سے اپوزیشن کو تکلیف ہورہی ہے۔ وہ جھوٹ پھیلا رہی ہے کہ ا سکیم بند ہو جائے گی۔ لوک سبھا انتخابات میں بھی ان لوگوں نے آئین کو بدلنے کا جھوٹ پھیلایا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ کوئی بھی آئین نہیں بدل سکتا۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے ریزرویشن کی حد بڑھا کر۵۰؍فیصد کر دی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر سمیت پورے ملک میں ریزرویشن نافذ کر دیا تھا۔ مہا وکاس اگھاڑی غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔ یہ لوگ ہم سے ترقی کے معاملے پر بحث نہیں کر سکتے کیونکہ انہوں نے کرپشن کو پروان چڑھا کر ہی خود کو بڑھایا ہے۔ اب وہ لاڈلی بہن اسکیم کے خلاف عدالت میں اس امید پر گئے ہیں کہ اس سے خزانہ خالی ہوجائےگا۔ اپوزیشن کے لوگ بہنوں کو پیسے ملنے کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:۲۰۲۹ء میں بھی این ڈی اے کی حکومت بنے گی : شاہ
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عوام سے رابطے کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اسمبلی انتخابات میں مہایوتی ہی کی حکومت بنے گی۔
بی جے پی کارکنوں کی پارٹی: گڈکری
اس موقع پر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ بی جے پی خاندان کی پارٹی نہیں ہے بلکہ کارکنوں کی پارٹی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ میں خود اس کی مثال ہوں۔ میں پارٹی کی تشہیر کیلئے پوسٹر چسپاں کرتا تھا لیکن پارٹی نےمجھے قومی صدر بھی بنا دیا۔ ایسی کامیابیاں صرف بی جے پی میں عام کارکن حاصل کرتے ہیں۔ ‘‘
مرکز وزیر نتن گڈکری نے تمام کارکنوں سے کہا کہ وہ بوتھ سطح پر سنجیدگی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ووٹ دیا ہے اور جنہوں نے ووٹ نہیں دیا ہے، سب کیلئے کام کریں اور سب کی مدد کریں۔
وزیر جنگلات سدھیر منگنٹی وار نے تنظیم کو مضبوط بنانے کیلئے کام کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر ناگپورشہر کے صدر بنٹی کوکڑے، سابق ایم پی اجے سن چیتی، ڈاکٹر وکاس مہاتمے، ایم ایل اے کرشنا کھوپڑے، موہن متے، وکاس کمبھارے، پرینے پھوکے، دیگر عہدیدار اور کارکن موجود تھے۔